طالبان کے ساتھ مذاکرات یا آپریشن پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، رچرڈ اولسن

پیر 24 فروری 2014 05:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24فروری۔2014ء)پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات یا آپریشن پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ امریکی حکومت اس میں کوئی مداخلت نہیں کرے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق الحمراء لاہور میں ادبی کانفرنس کے آخری سیشن سے خطاب کے بعد امریکی سفیر رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت ہر شعبے میں پاکستانی حکومت کی مدد کر رہی ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستانی رہنماؤں سے بات ہوتی رہتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ پاکستان کی عوام اور ملک کی ترقی کے لیے امریکہ ہر قسم کی مدد پہلے ہی کر رہا ہے۔ امریکہ دنیا بھر میں ثقافت کو محفوظ رکھنے پر یقین رکھتا ہے اور پاکستان میں دہشت گردی سے ثقافتی ورثے کو بہت نقصان ہوا ہے جس کی بحالی کے لیے امریکی حکومت فنڈز فراہم کر رہی ہے جبکہ اساتذہ کی ٹریننگ کے لیے 190 ملین ڈالرز بھی فراہم کرنے کا منصوبہ جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور پاکستان کا ثقافتی دارالخلافہ ہے۔ اس میں ثقافتی ورثے کی بحالی کے پروگرام کے تحت شاہ عالم دروازہ، سنہری مسجد اور وزیر خان مسجد کے لیے فنڈز پہلے ہی دے رہا ہے۔