حکومت کے فضل اللہ، سجنا گروپوں سے بیک چینل رابطے ،آئندہ چند روز میں جنگ بندی کا امکان،تحریک طالبان مہمند،ازبک و دیگر غیرملکی شدت پسندوں کے خلاف فضائی حملے جاری رہ سکتے ہیں۔ذرائع

پیر 24 فروری 2014 05:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24فروری۔2014ء) حکومت اورطالبان کے کچھ گروپوں کے درمیان موثربیک چینل رابطوں کے باعث آئندہ چنددنوں میں جنگ بندی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محسود جنگجو اور فضل اللہ گروپ سے رابطے کیے گئے ہیں،محسود جنگجووٴں کی قیادت خان سید سجنا کر رہے ہیں جو جنوبی اور شمالی وزیرستان میں موجود طالبان میں خاصا اثرو رسوخ رکھتے ہیں،البتہ مہمند ایجنسی سے تعلق رکھنے والے طالبان جن کی قیادت عمر خالد خراسانی کر رہے ہیں اور وزیرستان میں موجود قاری شکیل کی جانب سے امن کے عمل کو سبوتاژکرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں جن میں 23 ایف سی اہلکاروں کی شہادت بھی شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق اس گروپ کے علاوہ وزیرستان میں موجود غیرملکی جنگجو جن میں ازبک شدت پسند نمایاں ہیں بھی قیام امن کے عمل کے خلاف ہیں اور یہی وجہ ہے کہ حالیہ فضائی حملوں میں ان کو پوری شدت سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ اگر بیک چینل رابطے پوری طرح سے کامیاب ہوگئے توسجنا اورفضل اللہ گروپوں کے ساتھ آئندہ کچھ دنوں میں سیز فائرہوسکتا ہے البتہ تحریک طالبان مہمند،ازبک و دیگر غیرملکی شدت پسندوں کے خلاف فضائی حملے جاری رہ سکتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پاک فوج اور پاک فضائیہ کے اشتراک سے شمالی وزیرستان میں ہونے والے فضائی حملے اپنے اہداف کو ختم کرنے کے حوالے سے بہت موثر ثابت ہوئے ہیں، ان حملوں میں فضائیہ کے ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر طیارے استعمال کیے گئے ہیں، جنگی طیاروں کو اپنے اہداف انتہائی درستی سے نشانہ بنانے والے بموں سے لیس کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :