کوہاٹ میں پولیس لائن کے قریب سڑک کنارے بم کے پھٹنے سے 13 افراد جاں بحق، 10 زخمی ، دھماکے کی جگہ پر 10 فٹ گہرا گڑھا بن گیا ،سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا،دھماکہ ملک میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر اسی کا عنصر لگتا ہے،آئی جی کے پی کے ،صدر وزیر اعظم و دیگر کی دھماکے کی مذمت

پیر 24 فروری 2014 05:48

کوہاٹ(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24فروری۔2014ء) کوہاٹ میں پولیس لائن کے قریب سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں کم از کم13 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا ایک بار پھر نشانہ پر،اس بار دہشت گردوں نے ضلع کوہاٹ کو نشانہ بنایا ، اتوار کو کوہاٹ میں پولیس لائن کے قریب پشاور چوک پر گرلز کالج سے متصل سڑک پر تقریباً ڈیڑھ بجے کے قریب سڑک کناری نصب بم پھٹنے کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے دھماکا اس قدرشدید تھا کہ اس کی آواز دورتک سنی گئی۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق بم سڑک کنارے نصب تھا اور دھماکا ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور تک سنی گئی۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد مقامی افراد اور سیکورٹی فورسز نے لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا۔ دھماکے کی جگہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے اہم ترین مقام تصور کیا جاتی ہے جہاں ایک طرف گرلز کالج ہے تو قریب ہی کوہاٹ قلعہ واقع ہے۔

سیکورٹی فورسز کیلئے سپلائی لائن اور گودام بھی اس چوک کے قریب واقع ہے۔ واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیاہے اورمشتبہ اور مشکوک گاڑیوں کی تلاشی جاری ہے۔ذرائع نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں لاشیں بری طرح مسخ ہوچکی ہیں اور دھماکے کی جگہ پر 10 فٹ گہرا گڑھا بن گیا ہے جبکہ کوہاٹ دھماکے کے حوالے سے آئی جی خیبر پختونخواہ ناصر خان درانی نے کہا ہے کہ کوہاٹ میں پشاور چوک کے قریب مسافر پک اپ میں بم نصب کیا گیا تھا اور اس بم دھماکے میں پک اپ میں بیٹھے مسافر جاں بحق ہوگئے۔

انہوں نے کہ اکہ اس دھماکے میں کسی کو ٹارگٹ نہیں کیا گیا تھا بلکہ ملک میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر دھماکہ اسی کا عنصر لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گرد کارروائیوں کے پیش نظر پولیس نے پشاور میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کیا ہوا ہے۔ ناصر درانی نے کہا کہ دھماکے کی جگہ پر بھی گہرا گڑھا بن گیا ہے۔ ہوسکتا ہے کہ یہ کوئی بارودی سرنگ ہو لیکن تاحال اس کی تصدیق نہیں کی جاسکتی۔

کوہاٹ بم دھماکے پر وزیراعظم نواز شریف،صدر ممنون حسین ،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان،سابق صدر آصف علی زرداری ،مولانا فضل الرحمن،اسفند یاروی ،چوہدری شجاعت ،عمران خان،الطاف حسین ،چاروں صوبوں کے وزراء اعلی و گورنرز،سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ،چیئر مین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ وفاقی وصوبائی وزرا سمیت دیگر سیاسی و مذہبی راہنماؤں نے اس کی مذمت کی ہے اور سوگواران سے اظہار ہمدروی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیں کی ہیں ۔صدر وزیر اعظم نے زخمیوں کو فوری علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :