وزیراعلیٰ پنجاب کی میجر دانش عبدالواحد شہید کے گھر آمد ،شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اورسوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی ،میجردانش عبدالواحد شہید نے ملک و قوم کے لئے جان نچھاور کر کے جرات و بہادر ی کی اعلیٰ مثال قائم کی،شہبازشریف

اتوار 23 فروری 2014 07:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23فروری۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ میجر دانش عبدالواحد شہید نے ملک و قوم کے لئے اپنی جان نچھاور کرکے جرات و بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے-پوری قوم کو اپنے ایسے بہادر سپوتوں پر فخر ہے- میجر دانش عبدالواحد شہید جیسے دلیر افسر ملک و قوم کے ہیرو ہیں- میجردانش عبدالواحدشہید نے شہادت کا اعلیٰ رتبہ پایاہے اور ان کی بیش قیمت قربانی رائیگاں نہیں جائے گی -ملک و قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے انتہاء پسندی کے ناسور کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں لاہور کینٹ میں میجردانش عبدالواحدشہید کے گھر جا کر شہید کے خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کیا-اس موقع پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے میجر دانش عبدالواحد شہید کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اورشہید میجر کو ملک و قوم کے لئے خدمات پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا-وزیراعلیٰ نے شہید میجر کے بچوں کے ساتھ شفقت اورسوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہاکہ الله تعالیٰ آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے،ہم سب آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں،اس موقع پر وزیراعلیٰ کی آنکھیں نمناک ہو گئیں،وزیراعلیٰ نے میجردانش عبدالواحد شہید کے خاندان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میجر دانش عبدالواحد نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لئے اپنی قیمتی زندگی ملک و قوم کے لئے نچھاور کر دی بلاشبہ شہید میجر دانش پاک افواج کے بہادر اور جرات مند افسر تھے اور ا ن کی بہادری اور دلیری پر پوری قوم کو فخر ہے-انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے دفاع پاکستان کے لئے بیش بہا قربانیاں دے کر ایک نئی داستان رقم کی ہے اوردہشت گردی کے خلاف پاک افواج کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور پوری قوم کو اپنے ہیروز پر ناز ہے-انہوں نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی اورانتہاء پسندی کا خاتمہ کر کے اسے امن کا گہوارہ بنائیں گے ۔