پاکستان افغانستان اور بھارت سمیت تمام ہمسایہ ملکوں سے خوشگوار تعلقات چاہتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت نقصان اٹھایا ،جلیل عباس جیلانی ، اسٹرٹیجک مذاکرات کی بحالی سے پاک امریکہ تعلقات مستحکم ہوں گے، افغانستان میں افغانیوں کی زیرِ قیادت مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے ہیں،امریکہ میں پاکستانی سفیر کا جارج ٹاوٴن یونیورسٹی کا دورہ

ہفتہ 22 فروری 2014 07:26

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22فروری۔2014ء)امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ خطے کی سلامتی اور استحکام کیلئے تعاون کر رہے ہیں،پاکستان افغانستان اور بھارت سمیت تمام ہمسایہ ملکوں سے خوشگوار تعلقات چاہتا ہے، افغانستان میں افغانیوں کی قیادت میں مفاہمتی عمل کی حمایت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو واشنگٹن میں جارج ٹاوٴن یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسٹرٹیجک مذاکرات کی بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اوردونوں ملک کثیر الجہتی تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے نائن الیون کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انتہائی نقصان اٹھایا ہے۔ پاکستانی حکومت اب اصلاحات کے ذریعے معاشی بحالی پر توجہ دے رہی ہے۔جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان افغانستان اور بھارت سمیت تمام ہمسایہ ملکوں سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں افغانیوں کی قیادت میں مفاہمتی عمل کی حمایت کرتا ہے۔