گرمیوں میں عام صارفین کی سہولت کیلئے لوڈ شیڈنگ 6سے 8 گھنٹے ہوگی ، عابد شیر علی ، بجلی چوری ہونے والے فیڈرز میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 20سے 22گھنٹے ہوگا ، آج بھی خیبر پختونخواہ کے وزراء اور ارکان اسمبلی بجلی چوروں کی پشت پناہی کررہے ہیں ، ایک نہیں 6سو تحریک استحقاق بھی جمع کرائی جائیں تو بھی عوام کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دونگا ،سالانہ 242ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے اور اتنی ہی سبسڈی ہے ،بجلی چوری روک دی جائے تو تین نئے ڈیم بنائے جا سکتے ہیں ،وزیر مملکت پانی و بجلی

ہفتہ 22 فروری 2014 07:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22فروری۔2014ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ گرمیوں میں عام صارفین کی سہولت کے پیش نظر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا درانیہ 6سے 8گھنٹے کردیا جائے گا ۔ وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گرمیوں کے موسم میں عوام کو ریلیف دیا جائے گا اوراس دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ چھ سے آٹھ گھنٹے کردیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوری ہونے والے فیڈرز میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20سے 22گھنٹے کردیا جائے گا جبکہ ایک مرتبہ پھر عابد شیر علی خیبر پختونخواہ حکومت کے وزراء کو ہی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے وزراء اور ارکان اسمبلی بجلی چوروں کی پشت پناہی کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ میرے خلاف ایک نہیں 6سو تحریک استحقاق بھی جمع کرائی جائیں تو بھی عوام کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دونگا ۔

وہ سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازیخان میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ ملک میں سالانہ 242ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے اور اتنی ہی مالیت کی سبسڈی دی جاتی ہے اگر بجلی چوری روک دی جائے تو اتنے پیسوں سے تین نئے ڈیم بنائے جا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی بار بجلی چوروں کیخلاف مہم چلائی جا رہی ہے اور یہ مہم کسی قوم یاصوبہ کیخلاف نہیں ہے انہو ں نے کہا کہ لاڑکانہ سرکل میں 94فیصد لائن لائسز ہیں اور وہاں بجلی ریوڑیوں کی طرح بانٹی جا رہی تھی لاڑکانہ میں بجلی چوروں کیخلاف مہم کے دوران ایک ماہ میں ایک کروڑ یونٹ بچائے گئے ہیں پیپلز پارٹی کے لوگوں نے میرے خلاف تحریک استحقاق پیش کر دی انہو ں نے کہا میرے خلاف ایک نہیں 600تحریک استحقاق پیش کی جائیں تو بھی عوام کے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دونگا انہو ں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ کے وزراء اور اراکین پارلیمنٹ کیخلاف بجلی چوری کے مقدمات درج ہیں انہوں نے کہا کہ کے پی کے صوبائی وزیر شاہ فرمان کے علاقہ میں 90فیصد بجلی چوری ہورہی تھی جس کی مالیت ایک ارب 36کروڑ روپے بنتی ہے وہاں مہم چلانے پر وہ میرا ساتھ دینے کی بجائے احتجاج میں شریک ہوگئے انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ ما ہ سکھر میں بجلی چوری میں ملوث غنڈوں اور وڈیروں کے کنڈے خود جا کر اتار دینگے انہوں نے کہا کہ حکومت لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اور موسم گرما میں 6سے 8گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جائے گی لیکن لائن لاسز والے علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 20 سے 22گھنٹوں تک ہوگا انہوں نے کہا کہ گڈو پاور پلانٹ سے 747 میگا واٹ بجلی 15مئی تک سسٹم میں شامل ہو جائیگی انہوں نے کہا کہ بجلی چوری روکنے کیلئے قانون سازی کی جا چکی ہے بجلی چوروں کو تین سال سزا ور جرمانہ عائد کیا جا سکے گا جبکہ چوری میں ملوث الکاروں کیخلاف بھی سخت کاروائی کی جائیگی ۔

آخر میں وزیر مملکت نے سب ڈویژن شاہ صدر دین کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹ کنڈیاں لگا کر چوری کیے جانے پر32افراد کیخلاف مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کیے گئے جبکہ انہوں نے موقع پر ایکسین میپکو فرسٹ ، ایس ڈی او سب ڈویژن شاہصدر دین ، لائن سپرنٹنڈنٹ اور لائن مین کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے شاہ صدر دین پولیس نے بجلی چوری میں ملوث32افراد کیخلاف 5 علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر کے 2افراد زاہد ولد غلام رسول ، سعید ولد عظیم کو گرفتار کرلیا بعد ازاں وزیر مملکت ن لیگ یوتھ ونگ کے نائب صدر اُسامہ عبدالکریم کی دعوت پر ان کے ریسٹورنٹ چلے گئے جہاں ان کیلئے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا اس موقع پر چیف ایگزیکٹو میپکو عبدالرشید طارق ، ایس ای میپکو ناصر رشید سمیت دیگر میپکو افسران اور ن لیگی کارکن بھی موجود تھے ۔