وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی چینی وزیر اعظم سے ملاقات،استقبالیے میں شرکت، چین کی مدد سے شروع کئے جانیو الے منصوبوں کو اسی تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا جیسے میٹرو بس پراجیکٹ مکمل کیا گیا،بیجنگ میں چین اور پاکستان کے درمیان معاہدہ تاریخی ہے ‘ جس کے تحت چین پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا،لاہور ملتان موٹر وے کے لئے تعاون کے اعلان پروزیراعظم چین کے دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں-وزیر اعلی پنجاب

جمعہ 21 فروری 2014 07:41

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21فروری۔2014ء)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور ان کے وفد نے آج اپنے دورے کے تیسرے روز بھی بیجنگ میں بجلی پیدا کرنے والی مختلف کمپنیوں ،مالیاتی اداروں ،ترقیاتی محکموں اور بنکوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں اور ان سے پنجاب میں کوئلے ،شمسی توانائی اور پانی سے بجلی کی پیداوار میں سرمایہ کاری کی مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا -ان ملاقاتوں کے نتیجے میں پنجاب میں توانائی کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری متوقع ہے -وزیر اعلی نے ان ملاقاتوں میں چینی سرمایہ کاروں کو بتایا کہ جنوبی پنجاب میں سولر انرجی پر مبنی پاور پلانٹ اس سال کے آخر تک کام شروع کر دے گا -انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے لئے آسانی پیدا کرنے کیلئے حکومت پنجاب ابتدائی طور پر بجلی کے مختلف کارخانوں میں خود بھی سرمایہ کاری کرے گی -پاکستان میں پانی، سورج ،ہوا اور کوئلے سے چلنے والے ہر طرح کے کارخانوں کی گنجائش موجود ہے اور حکومت پنجاب ان منصوبوں کے لئے سرمایہ کاروں کو منافع کی بہترین شرح پیش کر رہی ہے -انہوں نے کہا کہ چین کی مدد سے شروع کئے جانیو الے منصوبوں کو اسی تیز رفتاری کے ساتھ عملی جامہ پہنایا جائے گا جس سے لاہور میں میٹرو بس پراجیکٹ مکمل کیا گیا تھا -دریں اثناء میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ گزشتہ روز بیجنگ میں چین اور پاکستان کے درمیان ہونے والا معاہدہ تاریخی نوعیت کا حامل ہے -معاہدے کے تحت چین پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا-ہماری تاریخ میں یہ سرمایہ کاری چین کی طرف سے پاکستان میں ہونے والی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہو گی -چین نے پاکستان کے عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کیلئے صرف انرجی کے شعبے میں 20ارب ڈالر کا سرمایہ مہیا کرنے کا وعدہ کیا ہے -محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں چین کی یہ سرمایہ کاری پاکستانی قیادت پر چین کی حکومت کے اعتماد کا کھلا ثبوت ہے -چینی قیادت جانتی ہے کہ اب پاکستان کی قیادت ان رہنماؤں کے ہاتھ میں ہے جو کام پر یقین رکھتے ہیں ،اپنے ایجنڈے میں سنجیدہ ہیں اور ان کی اولین ترجیح دیانتداری کے ساتھ اپنے عوام اور ملک کی خدمت ہے -بعد ازاں وزیر اعلی نے چین کے وزیر اعظم کی طرف سے دیئے گئے استقبالیے میں شرکت کی -انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں لاہور سے ملتان تک موٹر وے کی تعمیر کیلئے تعاون کے اعلان پر وزیر اعظم چین کا دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں -وزیر اعلی پنجاب کا دورہ چین‘ چینی حکام اور سرمایہ کاری کے اداروں میں گزشتہ حکومت کے دوران پاکستان کے بارے میں پیدا ہونے والے تحفظات دور کرنے میں بے حد مدد گار ثابت ہوا ہے -وزیر اعلی نے ان تحفظات کو دور کرنے کیلئے چینی حکام اور سرمایہ کاروں کو حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کی ان کوششوں سے آگاہ کیا جو انہوں نے برسر اقتدار آنے کے بعد بجلی کی پیداوار میں اضافے کیلئے کی ہیں -وزیر اعلی نے ایسے ہی ایک اجلاس میں پچھلی حکومت میں نندی پور پاور پراجیکٹ کی بربادی اور حکومت پنجا ب کی طرف سے اس کی بحالی کی تفصیل بیان کی تو شرکاء اجلاس یہ جان کر دنگ رہ گئے کہ کس طرح اربوں روپے کی لاگت سے شروع کیاجانے والا بجلی کا یہ پلانٹ 3سال تک بند پڑا رہا اور اب وزیر اعلی پنجاب کی سربراہی میں اسے کس طرح نئی زندگی دی جا رہی ہے -وزیر اعلی نے تصویروں کی مدد سے حاضرین کو آگاہ کیا کہ منصوبے پر 80فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور انشاء اللہ ماہ مئی کے دوران اس کا پہلا ٹربائن کام شروع کر دے گا -