پاکستان کا افغان سرزمین پر 23مغوی اہلکاروں کی شہادت پر افغان حکومت سے شدید احتجاج،بہیمانہ کارروائی میں ملوث افرادکیخلاف کارروائی اور سزا کا مطالبہ،سرتاج عزیز کی افغان وزیرخارجہ سے ملاقات،دوطرفہ تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 21 فروری 2014 07:38

مالے(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21فروری۔2014ء)پاکستان نے افغان سرزمین پر23مغوی اہلکاروں کی شہادت پر افغان حکومت سے شدید احتجاج کرتے ہوئے بہیمانہ کارروائی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی اور انہیں سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔

(جاری ہے)

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے جمعرات کے روز مالدیپ میں افغان وزیر خارجہ احمد عثمانی سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک افغان سرحدی امور،دوطرفہ تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،مشیر خارجہ نے افغان وزیر خارجہ کو یاد دلایا کہ چند روز قبل ترکی میں سہ فریقی اجلاس میں طے پایا تھا کہ پاکستان،ترکی اور افغانستان اپنی سرزمین کسی گروپ کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور اگر ان کی سرزمین پر کسی قسم کی عسکریت پسندی کی سرگرمی کی جارہی ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی،سرتاج عزیز نے23مغوی اہلکاروں کی افغان سرزمین پر شہادت پر احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جو لوگ اس بہیمانہ کارروائی میں ملوث ہیں ،افغان حکومت ان کے خلاف سخت کارروائی کرے اور انہیں سزا دے۔