صدر ممنون حسین تین روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے، بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صدر مملکت اور ان کے وفد کا پرتپاک خیر مقدم ،صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا سرکاری دورہ ہے

بدھ 19 فروری 2014 03:38

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19فروری۔2014ء )صدر مملکت ممنون حسین چینی ہم منصب ژی جن پنگ کی دعوت پر چین کے تین روزہ سرکاری دورے پر منگل کی شام بیجنگ پہنچ گئے۔ بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صدر مملکت اور ان کے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔صدر کا عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد یہ پہلا سرکاری دورہ ہے، چینی نائب وزیر خارجہ گو پنگ چن نے ہوائی اڈے پر صدر کا پرجوش خیر مقدم کیا۔

ایک چھوٹی بچی نے انہیں آمد پر گلدستہ پیش کیا۔ پیپلز لبریشن آرمی کے دستے نے صدر ممنون حسین کو سلامی پیش کی۔ چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد، پاکستان میں چین کے سفیر سن وائیدونگ، چینی حکومت کے سینئر حکام اور پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر کے وفد میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، پنجاب کے وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چین کے صدر ژی جن پنگ (کل) بدھ کو عظیم عوامی ہال میں منعقد ہونے والی تقریب میں صدر ممنون حسین کا باضابطہ استقبال کریں گے جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ مذاکرات ہوں گے اور مختلف معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :