طالبان نے جنگ بندی کیلئے حکومت سے تحریری یقین دہانی طلب کرلی،کراچی سمیت دیگر علاقوں میں طالبان کیخلاف جاری کارروائیاں بھی بند کرنے کا مطالبہ، طالبان کے مطالبات مولانا سمیع الحق کے ذریعے عرفان صدیقی کو پہنچا دیئے گئے ،طالبان ، حکومتی کمیٹیوں کے ارکان کی موجودگی میں سیز فائر کا اعلان متوقع

پیر 17 فروری 2014 08:13

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17فروری۔2014ء)طالبان شوری کا دور روز مشاروتی اجلاس ختم ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیز فائر اور قیدیوں کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی اجلاس کے حوالے سے ذرئع نے بتایا ہے کہ طالبان کے دو شوری کے مشاورت سے دو اہم مطالبات تیار کرلئے گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق طالبان کا مطالبہ ہے کہ جنوبی وزیرستان سے فوج کو نکالا جائے، گرفتار کیے گئے غیر عسکری افراد کو رہا کیا جائے ،جن میں عورتیں ،بچے اور بوڑھے افراد شامل ہیں ۔

اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ اگر حکومت نے ان مطالبات پر حوصلہ افز جواب دیا تو طالبان دونوں کمیٹیوں کے اراکین کی موجودگی میں سیز فائر کا اعلان کریں گے۔ اس حوالے سے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اجلاس کے بعد طالبان ترجمان شاہد اللہ شاہد نے اپنے کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق کوآاگاہ کردیا ہے جبکہ مولانا سمیع الحق کے ذریعے حکومتی کمیٹی کے سربراہ عرفان صدیقی کو اپنے مطالبات پہنچا دیے۔

(جاری ہے)

طالبان نے اپنے مطالبات کے ساتھ اس عزم کا اعادہ بھی کیا ہے کہ اگر حکومت نے مطالبات پر حوصلہ افزا جواب دیا تو طالبان کی طرف سے کسی بھی وقت بھی سیز فائر کا اعلان کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ سیز فائرکا اعلان دونوں کمیٹیوں کے اراکین اور پاکستانی میڈیا کے موجودگی میں کیا جائے گا۔

کالعدم تحریک طالبان فائربندی سے قبل اپنے تحفظات پر تحریری حکومتی یقین دہانی چاہتے ہیں۔جب تک حکومت طالبان کے خلاف اپنی کارروائیاں نہیں روکتی اس وقت تک طالبان بھی اپنی کارروائیاں بند کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ذرائع نے حکومتی کمیٹی کے انتہائی قریبی ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ کالعدم تحریک طالبان حکومت کی جانب سے طالبان کے خلاف کراچی سمیت دیگر شہروں میں کی جانے والی کارروائیوں پر تحفظات رکھتے ہیں اور اس بارے طالبان چاہتے ہیں کہ پاک فوج ،وزیر اعظم ،نواز شریف ،وزیر دفاع خواجہ آصف ،وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سمیت اہم رہنماؤں کے تحریری یقین دہانی چاہتے ہیں ۔

اس کے بعد طالبان اپنی کارروائیاں روک دیں گے ۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ طالبان چاہتے ہیں کہ حکومت پہلے ان کے ساتھیوں کے خلاف کراچی سمیت دیگر شہروں میں کی جانے والی کارروائیاں روکے اور آئندہ بھی کارروائی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائے ۔