یورپین سرمایہ کاری بینک کا متبادل توانائی منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی،یورپین انوسٹمنٹ بینک پاکستان کے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کی تکمیل میں مدد کرے گا، میگدالینا الویرز ارزا،پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ حاصل ہے اور انہیں معقول منافع کمانے کے مواقع دیئے جاتے ہیں،اسحاق ڈار، پاکستان کی پالیسیوں کا مقصد یہ ہے کہ بجلی کی چودہ ہزار میگاواٹ کی موجودہ پیداوار اگلے چار سال میں چوبیس ہزار میگاواٹ تک پہنچ جائے،ای آئی بی کی بینک کی نائب صدر سے ملاقات میں اظہارخیال

اتوار 16 فروری 2014 08:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16فروری۔2014ء)یورپین انوسٹمنٹ بینک نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کی تکمیل میں مدد کرے گا۔یہ یقین دہانی ہفتہ کے روز اسلام آباد میں بینک کی نائب صدر مس میگدالینا الویرز ارزا نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں کرائی۔وزیرخزانہ نے اْن کو بتایا کہ پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ حاصل ہے اور انہیں معقول منافع کمانے کے مواقع دیئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا پاکستان کی پالیسیوں کا مقصد یہ ہے کہ بجلی کی چودہ ہزار میگاواٹ کی موجودہ پیداوار اگلے چار سال میں چوبیس ہزار میگاواٹ تک پہنچ جائے۔وزیرخزانہ نے کہا دریائے سندھ کے منبعے سے لیکر ملک کے میدانوں تک اس سے انیس ہزارمیگاواٹ بجلی حاصل کی جاسکتی ہے اور بجلی پیدا کرنے کی یہ صلاحیت بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے بڑی پرکشش ہوسکتی ہے انہوں نے بینک کی نائب صدر کوداسو پن بجلی گھرکے منصوبے کے اہم پہلوؤں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے اور کئی ملکی ادارے پاکستان میں طے شدہ ضوابط کے مطابق سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کرچکے ہیں۔مس میگدالینا الویرز ارزا نے کہا کہ بینک پاکستان میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر مل کے کام کرنا چاہتا ہے انہوں نے بتایا کہ بینک کو پاکستان میں ایسے منصوبوں سے تعلق رکھنے والوں کی استعداد کار بڑھانے میں مدد دینے کے مخصوص اختیارات حاصل ہیں۔ملاقات کے دوران خزانہ ،اقتصادی امور اورپانی وبجلی ڈویژن کے سیکرٹریز بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :