اتحادی سپورٹ فنڈ کی ادائیگی علاقائی سیاسی تقاضوں کی تکمیل کیلئے ضروری،فنڈ کے اجراء کے عمل کو تیز اور صحیح خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، سینیٹر اسحاق ڈار، پاکستان کو خطے میں سلامتی کی پیچیدہ صورتحال پر تشویش ہے، سیاسی حکومت اور مسلح افواج دہشتگردی کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے حصول کے سلسلے میں سٹریٹجک آپشنز کی ترجیحات کیلئے اکٹھے ہیں، امریکی ہاؤس ایپرو پری ایشن کمیٹی کے وفد کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب

ہفتہ 15 فروری 2014 07:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15فروری۔2014ء )وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کی ادائیگی علاقائی سیاسی تقاضوں کی تکمیل کیلئے ضروری ہے ‘ فنڈ کے اجراء کے عمل کو تیز اور صحیح خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہو ں نے امریکی ہاؤس ایپرو پری ایشن کمیٹی (یو ایس ایچ اے سی) کے وفد کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

امریکی وفد کی قیادت سب کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین روڈنی پی فریلنگ ہوٹسن نے کی جبکہ پاکستانی وفدکی نمائندگی سینیٹراسحاق ڈار کررہے تھے ۔وزیرخزانہ نے امریکہ کی جانب سے کولیشن سپورٹ فنڈ کی ادائیگی کو علاقائی سیاسی تقاضوں کی تکمیل کیلئے ضروری قرار دیتے ہوئے اس کے اجراء کے عمل کو تیز اور صحیح خطوط پر استوار کرنے پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان سے نیٹو اور امریکی فورسز کے انخلاء کے بعد خطے میں سلامتی کی صورتحال کی وجہ سے پاکستان کو درپیش مالی مشکلات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اس سال افغانستان سے اتحادی فوج کے انخلاء کے پیش نظر خطے کی بدلتی ہوئی صورت حال میں پاکستان کو مالی تعاون کی ضرورت ہے اس لئے امریکہ اتحادی سپورٹ فنڈ کے بقایاجات کی ادائیگی کا عمل تیز کرے۔امریکی وفد کو بتایا گیا کہ پاکستان کو خطے میں سلامتی کی پیچیدہ صورتحال پر تشویش ہے۔ پاکستان کی موجودہ جمہوری حکومت نے امن کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی۔

وزیر خزانہ نے وفد کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ہونے والے انسانی و معاشی نقصانات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان کی سیاسی حکومت اور مسلح افواج دہشتگردی کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے حصول کے سلسلے میں سٹریٹجک آپشنز کی ترجیحات کیلئے اکٹھے ہیں۔ امریکی وفد نے پاکستان کی جانب سے انسانی جانوں کے ضیاع اورقومی معیشت کو پہنچنے والے نقصان کی صورت میں دی جانے والی قربانیوں کو سراہا،مریکی وفد نے یقین دلایا کہ اتحادی سپورٹ فنڈز کی مد میں واجبات کی ادائیگی کا عمل تیز اور آسان بنانے کے لئے پاکستان کی مدد کی جائے گی۔

امریکی کمیٹی برائے دفاع کے نمائندوں نے تجویز دی کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہونے کے لئے معیشت، توانائی اور سیکورٹی جیسے مسائل پر ترجیحٰ بنیادوں پر توجہ دے۔ پاکستان میں امریکہ کے سفیر رچرڈ اولسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :