صدر آزاد جموں و کشمیر سے دفتر خارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری برائے اقوام متحدہ اور ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کی کشمیر ہاؤس صدارتی سیکرٹریٹ میں ملاقات، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی سطح پر ہونے والی پیشرفت ، امت مسلمہ کی حمایت ، پاک بھارت مذاکرات ، کنٹرول لائن کے آر پار تجارت اور بس سروس سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی

جمعہ 14 فروری 2014 03:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14فروری۔2014)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان سے دفتر خارجہ میں ایڈیشنل سیکرٹری برائے اقوام متحدہ اور ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کشمیر ہاؤس صدارتی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی ۔ اور انہیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی سطح پر ہونے والی پیشرفت ، امت مسلمہ کی حمایت ، پاک بھارت مذاکرات ، کنٹرول لائن کے آر پار تجارت اور بس سروس سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی ۔

صدر آزاد کشمیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی ممالک میں مسئلہ کشمیر پر حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ او آئی سی کے ہیڈ کوارٹر نے گزشتہ ماہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد آزاد کشمیر بھیجا تھا ۔ جس نے آزاد کشمیر میں سماجی و اقتصادی ترقی کے حوالے سے جائزہ لینے کے بعد مختلف شعبوں میں تعاون کی پیشکش کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سمیت تمام حکام مسئلہ کشمیر کے جلد حل میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

بیرون ملک پاکستانی سفارتخانے بھی اپنا کام احسن طریقے سے کر رہے ہیں۔ جس پر ہمیں اطمینان ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری پاک بھارت مذاکرات ، خوشگوار تعلقات اور باہمی تجارت کے ہر گز خلاف نہیں ہم چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر پر با مقصد مذاکرات میں کشمیریوں کو بھی فریق کے طور پر شامل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان سے وابستہ کر رکھا ہے ۔

بیگم تسنیم اسلم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے موثر کوششیں جاری ہیں ۔ پاکستان کی ہر حکومت مسئلہ کشمیر پر اپنے موقف پر ڈٹی رہی ہے ۔ ہمارے دیرینہ موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بعض غیر ملکی این جی اوز کے ذریعے آزاد کشمیر میں افراتفری پھیلا سکتا ہے ۔ اس لیے آزاد کشمیر حکومت کو چوکس ہونے کی ضرورت ہے ۔