پاکستان کو درپیش مشکلات سے نکالنے ، معاشی اور سیاسی مسائل پر قابو پانے کے لئے ایک نتیجہ خیز وژن کی اشد ضرورت ہے، ڈاکٹر ثمر مبارک مند، ہمیں اپنی معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے کئی اقدامات کر نے ہونگے،معدنیات پاکستان کی معیشت کے لئے کار آمد ثابت ہو سکتے ہیں،تھر پاؤر پراجیکٹ سے اس سال کے آخر تک بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی، ملک میں انرجی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ایک بڑا اقدام ثابت ہو گا،تقریب سے خطاب

بدھ 12 فروری 2014 07:49

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12فروری۔2014ء) پاکستان کے نامور سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش مشکلات سے نکالنے ، معاشی اور سیاسی مسائل پر قابو پانے کے لئے ایک نتیجہ خیز وژن کی اشد ضرورت ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روز غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں سوسائٹی آف مکینکل انجینئرز آف پاکستان جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ چپٹر کے اختتامی تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔

جس میں مختلف یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے سکالر ز اور طلبہ نے بھی شرکت کی۔ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے اپنے خطاب میں کہا کہ تمام تر مشکلات اور مسائل کے باوجود پاکستان نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

مجھے امید ہے کہ جو پاکستانی دُنیا کے مختلف ممالک میں کام کر رہے ہیں وہ ایک دن ضرور اپنے وطن عزیز کو واپس لوٹیں گے۔

اور اپنے ملک کی خدمت کر تے ہوئے اس کو مختلف شعبوں میں خوشحالی اور کامرانی سے ہمکنار کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی معیشت کو مستحکم بنانے کے لئے کئی اقدامات کر نے ہونگے انہوں نے پاکستان میں پائے جانے والے مختلف معدنیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معدنیات پاکستان کی معیشت کے لئے کار آمد ثابت ہو سکتے ہیں جب کہ ان معدنیات کو بروئے کار لانے سے ملک کافی زر مبادلہ بھی کما سکتا ہے جب کہ ان معدنیات سے بنے ہوئے مختلف قسم کے اشیاء بھی باہر ممالک بھیج دیئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تھر پاؤر پراجیکٹ سے اس سال کے آخر تک بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی جو ملک میں انرجی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ایک بڑا اقدام ثابت ہو گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمدعابد نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر ثمر مبارک مند کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے ان کی ملک کے لئے خدمات کو سراہا سوسائٹی کے کواڈینیٹر احمد نبی نے بھی اپنے خیالات کااظہار کیا جب کہ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں سرٹیفکیٹ اور شیلڈ ز تقسیم کئے

متعلقہ عنوان :