نجم سیٹھی کو دوبارہ پی سی بی چیئرمین بنانے سے گذشتہ انتخابات میں ان کے کردار پر شکوک پیداہورہے ہیں،خورشید شاہ کا حکومت سے وضاحت کرنے کا مطالبہ،پیپلزپارٹی دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو رکن پارلیمنٹ بنانے کے حوالے سے بل کی تیاری مکمل کر چکی ہے،میڈیا سے بات چیت

بدھ 12 فروری 2014 07:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12فروری۔2014ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے نجم سیٹھی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کو ایک طرف رکھ کر دوبارہ قائم مقام چیئرمین پی سی بی بنانے سے گزشتہ انتخابات میں ان کے کردار کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں،حکومت پوزیشن واضح کرے، پاکستان پیپلزپارٹی دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو رکن پارلیمنٹ بنانے کے حوالے سے بل کی تیاری مکمل کر چکی ہے۔

منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے نجم سیٹھی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے سے فراغت کے بعد انہیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تعینات کیا تھا اس کے بعد ذکاء اشرف چیئرمین کرکٹ بورڈ بنے تاہم حکومت نے دوبارہ کرکٹ بورڈ کے آئین کو ایک طرف رکھ کر نجم سیٹھی کو قام مقام چیئرمین پی سی بی تعینات کیا ہے حکومت کے اس اقدام سے نجم سیٹھی کے گزشتہ انتخابات میں کردار کے حوالے سے شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں حکومت اس حوالے سے پوزیشن واضح کرے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو رکن پارلیمنٹ بننے کا حق دینے کے حوالے سے بل تیار کرلیا ہے اور جسے آئندہ اجلاس میں قومی اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور دیگر تمام جماعتوں نے اپنے انتخابی منشورمیں سمندر پار پاکستانیوں کو رکن پارلیمنٹ بننے کا حق دینے کے نعرے لگائے تھے لیکن کسی سیاسی جماعت نے اپنے ان نعروں کی پاسداری نہیں کی اور اب پیپلزپارٹی نے اس حوالے سے پہل کی ہے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پارلیمنٹ میں موجودہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی پیپلزپارٹی کو اس بل پر اپنی حمایت فراہم کریں گی تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی پاسداری کی جاسکے۔