پشاور، شمع سنیما میں 3 دھماکے، 16 افراد جاں بحق، 22 سے زائد زخمی، دھماکا اس وقت ہوا جب شمع سینما میں شو چل رہا تھا،اس وقت وقت 60 سے 70 افراد سینما ہال کے اندر موجود تھے ،دھماکے سے بھگدڑ مچ گئی دھماکوں سے سینما کو بھی بری طرح نقصان پہنچا، زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک،سینما دھماکوں میں دستی بم استعمال کئے گئے،سی سی پی او،کالعدم تحریک طالبان نے دھماکوں سے اظہار لاتعلقی کردیا

بدھ 12 فروری 2014 07:40

پشاور (رحمت اللہ شباب ۔ اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12فروری۔2014ء) شمع سینما کے ہال میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکوں کے نتیجے میں 16افراد جاں بحق اور 22 سے زائد زخمی ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پشاور میں جی ٹی روڈ کے قریب واقع شمع سینما میں یکے بعد دیگرے 3 زور دار دھماکوں کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور20 سے زائد زخمی ہو گئے۔ دھماکا اس وقت ہوا جب شمع سینما میں شو چل رہا تھا اور اس وقت وقت 60 سے 70 افراد سینما ہال کے اندر موجود تھے، امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کرنا شروع کردیا ہے جب کہ اسپتال میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم کو جائے وقوعہ پر طلب کر لیا گیا ہے اور پولیس نے مزید بم کی اطلاع پر میڈیا کے نمائندوں سمیت تمام افراد کو کو اندر جانے سے روک دیا ہے۔

(جاری ہے)

دھماکے سے بھگدڑ مچ گئی دھماکوں سے سینما کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں منتقل کردیا گیا زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے‘ دھماکے شدید نوعیت کے تھے سینما میں موجود لوگ بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔

سی سی پی او پشاور اعجاز خان نے کہا ہے کہ سینما میں تین دستی بم استعمال کئے گئے سینما میں انتظامیہ اور دیگر افراد موجود تھے انہوں نے کہا کہ سینما گھر مالکان نے سیکورٹی ذمہ داری قبول کی تھی‘ 3 بجکر 40 منٹ پر دھماکہ ہوا تینوں دھماکے دستی بموں سے کئے گئے تینوں بم چینی ساختہ تھے سینما مالکان اور دیگر فرار ہوچکے ہیں۔سی سی پی او پشاور کا کہنا تھا کہ پکچر ہاوٴس سینما میں دھماکے کے بعد تمام سینما مالکان کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے احکامات جاری کر دیئے تھے اور سینما گھروں کی سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی تھی۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے شمع سینما میں دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی خیبر پختونخواہ سے واقع کی رپورٹ طلب کرلی ہے ادھر میڈیا رپورٹس کے مطابق کالعدم تحریک طالبان نے پشاور دھماکوں سے لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے۔ علاوہ ازیں صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کیا ہے ۔انہوں نے دھماکے میں زخمیوں کیلئے فوری اعلاج معالجے کی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی پشاور میں پکچر ہاوٴس سینما میں ہونے والے دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہو گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :