حکومت کے طالبان کے ساتھ مذاکرات لولی پاپ ہیں ، عوامی نیشنل پارٹی ، حکومت کے پاس مذاکرات کا کوئی منصوبہ نہیں ، امن وامان کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں ، عوام اور فوج امن و امان اور مذاکرات کے نام پر لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک چکے ہیں ، ایمانداری کا درس دینے والے عمران خان پہلے اپنا دامن صا ف کرلیں پھر شفافیت کی بات کریں ، سینیٹر زاہد خان/افراسیاب خٹک کی میڈیا سے گفتگو

منگل 11 فروری 2014 04:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11فروری۔2014ء) عوامی نیشنل پارٹی نے حکومت کے طالبان کے ساتھ مذاکرات کو لولی پاپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے پاس مذاکرات کیلئے کوئی منصوبہ نہیں ہے ، حکومت ملک میں امن وامان کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات اٹھائے ، وزیراعظم 9 ماہ سے ایوان بالا سے غائب ہونے کا ریکارڈ قائم کررہے ہیں ، ان خیالات کا اظہار سینیٹر افراسیاب خٹک اور سینیٹر زاہد خان نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

افراسیاب خٹک نے خیبر پختونخواہ کے موجودہ حالت پر تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایمانداری کا درس دینے والا عمران خان پہلے اپنا دامن صاف کرلیں اس کے بعد شفافیت کی باتیں کریں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور فوج امن وامان اور مذاکرات کے نام پر لاشیں اٹھا کر تھک چکے ہیں جبکہ حکومت مذاکرات کے نام پر قوم کو لولی پاپ دے رہی ہے حکومت کے پاس مذا کرات کیلئے کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نو ماہ سے پارلیمنٹ کے ایوان بالا سے غائب ہیں اور ریکارڈ بنارہے ہیں لگتا ہے ان کے لئے سینٹ سیشن کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔