حکومت ملک میں معاشی استحکام لانے کیساتھ اسے امن کا گہوارہ بنانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پر عزم ہے، ممنون حسین،حکومت دہشت گردی‘ انتہاء پسندی‘ توانائی بحران‘ غربت اور کرپشن جیسے چیلنجز پر قابو پانے کیلئے تمام توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے،پاکستان چین کے ساتھ ملکر اقتصادی راہداری بنا رہا ہے جس سے خطے کے تمام ممالک کوفائدہ حاصل ہو گا، صدر مملکت کا سول سروسز اکیڈمی میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب

منگل 11 فروری 2014 04:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11فروری۔2014ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت دہشت گردی‘ انتہاء پسندی‘ توانائی بحران‘ غربت اور کرپشن سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے جن پر قابو پانے کیلئے حکومت اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہی ہے، موجودہ حکومت معاشی استحکام لانے اور ملک کو امن کا گہوارہ بنانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے پر عزم ہے، پاکستان چین کے ساتھ ملکر اقتصادی راہداری بنا رہا ہے جس سے خطے کے تمام ممالک کوفائدہ حاصل ہو گا۔

وہ گزشتہ روز سول سروسز اکیڈمی میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 36 ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور‘ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد‘ ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی فرخندہ وسیم افضل‘ ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی اسماعیل قریشی سمیت پروبیشنر افسران اور ان کے عزیز و اقارب بھی اس موقع پرموجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ ہم اس وقت ایک اہم ترین دور میں داخل ہونے جارہے ہیں، بدقسمتی سے وطن عزیز میں، جو ہمارے لئے اللہ کی خاص نعمت ہے، مختلف وجوہات کی بناء پر وہ ترقی نہیں ہوئی جو ہونی چاہئے تھی، ہمارے ادارے تنزلی کا شکار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سول سرونٹس کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جاسکے، اس کے لئے ہمیں اپنے نظام میں جدت لانے کی بھی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک سے مسائل کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور کوشش ہے کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنایا جائے اور اسے ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سول سرونٹس کسی بھی ریاست میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اگر سول سرونٹس دیانتداری کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کریں تو ہمارا یہ پختہ یقین ہے کہ پاکستان ترقی کریگا اور اپنا کھویا ہوا وہ مقام حاصل کریگا جس کیلئے ہمارے قائدین نے یہ وطن ایک طویل جدوجہد کے بعد حاصل کیا تھا۔

صدر مملکت نے کہا کہ خطے میں تبدیلیاں رونما ہونیوالی ہیں جن میں سے ایک نمایاں تبدیلی یہ ہو گی کہ پاکستان چین کے ساتھ ملکر ایک اقتصادی راہداری بنا رہا ہے جس سے خطے کے تمام ممالک استفادہ حاصل کرینگے۔ انہوں نے پروبیشنر افسران پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے خود کو عملی زندگی کیلئے تیار کریں اور اس بات کا عزم کرلیں کہ انہوں نے پاکستان کیلئے اہم کام سرانجام دینے ہیں اور اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ ان سے کوئی ایسا کام سرزد نہ ہو جس سے ملک و قوم کو نقصان پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ زندگی میں خوشیاں حاصل کرنے کا واحد ذریعہ قناعت پسندی ہے جس کو اختیار کرکے ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ملک اس وقت مشکلات میں ہے لیکن ہم نے ملکر وطن عزیز کو مشکلات سے نکالنا ہے اور جب سب اپنی ذمہ داریاں پوری کرینگے تو وہ وقت دور نہیں جب پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کریگا اور ترقی کی بلندیوں تک پہنچے گا۔

صدر مملکت نے پاس آؤٹ ہونیوالے پروبیشنر افسران‘ ان کے والدین اور فیکلٹی ممبران کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ یہ امر خوشی کا باعث ہے کہ پروبیشنر افسران میں 25 فیصد تعداد خواتین کی ہے جو ملک کی ترقی کیلئے ایک اہم پیغام اور دیگر خواتین کیلئے حوصلہ افزائی کا باعث بھی ہے۔ اس موقع پر صدر ممنون حسین نے سول سروسز اکیڈمی کی کمپیوٹر لیب کی اپ گریڈیشن کیلئے 50 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا اور ٹریننگ کے شرکاء میں ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔