وزیر اعظم کاامن قائم کرنے کیلئے حکومت اور طالبان کمیٹیوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر اطمینان کا اظہار،مذاکرات میں ابتدائی پیشرفت مثبت ہے  حکومتی کمیٹی کے ارکان کی وزیر اعظم نواز شریف کو بریفنگ

منگل 11 فروری 2014 04:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11فروری۔2014ء)وزیر اعظم نواز شریف نے ملک میں امن قائم کرنے کے لئے حکومت اور طالبان کمیٹیوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ حکومتی کمیٹی کے ارکان نے بتایا ہے کہ مذاکرات میں ابتدائی پیشرفت مثبت ہے ۔ذرائع کے مطابق پیر کو وزیراعظم ہاوٴس اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی کی قیادت میں عرفان صدیقی، رستم شاہ مہمند، میجر (ر) محمد عامر اور رحیم اللہ یوسف زئی پر مشتمل حکومت کی 4 رکنی ٹیم نے وزیر اعظم سے ملاقات کی، ملاقات میں کمیٹی کے اراکین نے وزیر اعظم کو طالبان کمیٹی سے مذاکرات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات میں ابتدائی پیشرفت مثبت ہے، ملاقات کے دوران طالبان کی رابطہ کمیٹی کی طالبان شوریٰ سے ملاقات کا معاملہ بھی زیر غور آیا حکومت اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹیوں کا دوسرا مشترکہ اجلاس جلد بلانے پر بھی گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب طالبان کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا یوسف شاہ نے کہاکہ حکومتی کمیٹی سے آئندہ 2 روز میں ملاقات متوقع ہے جس میں حکومتی کمیٹی کے اراکین کو طالبان شوریٰ سے ملاقات کے حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔نجی ٹی وی کے مطابق مولانا یوسف شاہ نے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف،آرمی چیف راحیل شریف، ڈی جی آئی ایس آئی ظہیرالاسلام سے ملاقات کیلئے سرکاری کمیٹی سے کہا ہے، حکومتی کمیٹی سے ملاقات آئندہ 2روز میں متوقع ہے، جو ملاقات میں اس پیش رفت سے آگاہ کرے گی۔

کوآرڈینیٹر طالبان کمیٹی نے کہاکہ طالبان سے ابتدائی طور پر مذاکرات کے طریقہ کار پر بات ہوئی، طالبان سیاسی شوریٰ نے حکومت کے 5نکاتی مطالبات کا جواب بھجوایا ہے، طالبان سے ہونے والی بات چیت سے متعلق حکومتی کمیٹی اور پھر میڈیا کو آگاہ کریں گے۔