کسی بیرونی طاقت نے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تو یہ سب سے بڑی ملک دشمنی ہوگی،چودھری نثار ،دونوں مذاکراتی کمیٹیوں کو مکمل سیکورٹی اور مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانا پاکستان ہی نہیں بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے،مذاکرات بارے اب تک پیش رفت مثبت اور اطمینان بخش ہے، وفاقی وزیر داخلہ کی مولانا سمیع الحق سے ٹیلفونک گفتگو

پیر 10 فروری 2014 07:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10فروری۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ اگر کسی بیرونی طاقت نے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تو یہ سب سے بڑی پاکستان دشمنی ہوگی،دونوں مذاکراتی کمیٹیوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنا اور مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانا پاکستان ہی نہیں بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہے،مذاکرات بارے اب تک ہونے والی پیش رفت مثبت اور اطمینان بخش ہے۔

اس امر کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام طالبان مذاکرتی کمیٹی کے رکن اور سربراہ جے یو آئی ( س) مولانا سمیع الحق سے ٹیلفونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق اتوار کو مذاکراتی کمیٹیوں نے واپس پہنچنا تھا جس کے باعث چودھری نثار علی خان نے مولانا سمیع الحق سے رابطہ کر کے وجہ دریافت کی تو انہیں بتایا گیا کہ علاقے میں کثرت سے ڈرون پروازوں کے باعث کمیٹی کو بار بار جگہ تبدیل کرنا پڑ رہی ہے جس کی وزیر داخلہ نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک بار پھر باہر سے مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ پاکستان کی دشمنی ہوگی اور خطے کے لئے اس کے منفی اثرات سامنے آئیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں طالبان کے ساتھ مذاکرت کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت بارے بھی دریافت کیا جس پر مولانا سمیع الحق نے وزیر داخلہ کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے دونوں جانب سے اب تک مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے تسلی بخش قرار دیا ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق اتوار کی شام مذاکراتی کمیٹی نے فاٹا کے پولیٹیکل ایجنٹ سے بھی ملاقات کی ہے اور ملاقات میں مذاکراب بارے تفصیلی گفتگو کو مسقتبل کے لائحہ عمل بارے گفتگو کی گئی ہے،سرکاری ذرائع کے مطابق مذاکرتی کمیٹیاں آج پیر کو واپس پہنچ جائیں گی۔