کراچی، بلدیہ ٹاوٴن میں مسلح موٹر سائیکل سواروں کی آستانے پر فائرنگ، باپ، بیٹی سمیت8افراد جاں بحق اور14زخمی ، تین زخمیوں کی حالت تشویش ناک،پولیس اور رینجرز نے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی،کالعدم تحریک طالبان نے واقعہ سے لاتعلقی کا اظہار کردیا

پیر 10 فروری 2014 07:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10فروری۔2014ء )کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاوٴن میں مسلح موٹر سائیکل سواروں کی آستانے پر فائرنگ کے نتیجے میں باپ اور بیٹی سمیت8افراد جاں بحق اور14زخمی ہو گئے ، جلالی بابا سمیت تین زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا تی ہے ،پولیس اور رینجرز نے واقعہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔کالعدم تحریک طالبان نے آستانے پر فائرنگ کے واقعہ سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن نمبر 12میں واقع جلالی بابا کے آستانے پر اتوار کی شب مسلح افراد نے اس وقت فائرنگ کردی جب آستانے میں محفل کا آغاز ہواتھا ،فائرنگ کے نتیجے میں موقع پر ہی باپ اور بیٹی سمیت 6افراد جاں بحق جبکہ14زخمی ہو گئے تھے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئی زخمیوں اور ہلاک شدگان کو ایمبولنس کے ذریعے سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا جہاں مزید دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے اس طرح جاں بحق ہونیوالے والے افراد کی تعد 6سے بڑھ کر8ہو گئی ،جاں بحق ہونیوالوں میں محمد معین اور اسکی 7سالہ بچی زینب بھی شامل ہے بچی زینب فائرنگ کے واقعہ کے وقت آستانے کے باہر کھیل رہی تھی جبکہ دیگر جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت دلبر،نذیر ، محمدعیسی اورسجاد کے نام سے ہوئی ہے باقی زخمی و جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل آخری اطلاعات آنے تک جاری تھا ۔

(جاری ہے)

اسپتال ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعہ میں جلالی بابا بھی شدید زخمی ہوئے ہیں جنھیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم زخمیوں کے علاج میں مصروف ہے ۔پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاوٴن 12 نمبر میں اتوار کی شب جلالی بابا کے آستانے پر ہیلمٹ پہنے 3موٹر سائیکلوں پر سوا ر 6مسلح افراد نے 15سے20منٹ تک اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہو گئے ،قریب سے کی جانیوالی فائرنگ کی وجہ سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ایم ایل او سول اسپتال ڈاکٹر آصف کے مطابق جاں بحق افراد کے سروں اور سینے میں گولیاں لگیں جبکہ دیگر زخمیوں کے ہاتھ اور سینے میں گولیاں لگیں ہیں جن میں سے3افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے جنھیں آپریشن کی غرض سے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔

پولیس کے مطابق جلالی بابا کا آستانہ ریٹائرڈ ڈی ایس پی کے احاطے میں قائم تھا۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں تاہم پولیس نے جائے وقوعہ سے گولی کے خالی خول قبضے میں لیکر تحقیقات شروع کردی ہیں ۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤ ن فائرنگ کے واقعہ سے کالعد م تحریک طالبان نے لاتعلقی ظاہر کی ہے ،کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان کے مطابق آستانے پر فائرنگ کے واقعہ میں تحریک طالبان پاکستان ملوث نہیں ۔