وزیر داخلہ کی ایف آئی اے کو سیاست و کرپشن سے پاک کر کے کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ڈی جی ایف آئی اے سے ایک ہفتے میں پالیسی ویژن پیش کرنے کی ہدایت،موجودہ حکومت نے اپنی ابتداء سے ہی ایف آئی اے کو سیاست سے پاک کیا ہے تاکہ اس ادارے کی کاکردگی کو بہتر بنایا جاسکے،چودھری نثار

اتوار 9 فروری 2014 07:56

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9فروری۔2014ء)وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ایف آئی اے کو سیاست و کرپشن سے پاک کر کے کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ڈی جی ایف آئی اے سے ایک ہفتے میں پالیسی ویژن پیش کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اپنی ابتداء سے ہی ایف آئی اے کو سیاست سے پاک کیا ہے تاکہ اس ادارے کی کاکردگی کو بہتر بنایا جاسکے۔

ایف آئی اے کو پاور ہاوٴس اور ملک فرنٹ لائن ایجنسی بنانے کے لئے تمام ٹارگٹ بروقت پورے کیے جائیں اور میگا کرپشن کے تحقیقاتی عمل کو شائستگی و نرمی سے سرانجام دے کر لوٹی ہوئی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی جائے جبکہ ادارے سے کرپٹ افسران کو بھی جلد سے جلد باہر نکالا جائے، ملک میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کے روز وفاقی پولیس، ایف آئی اے،اور نیشنل کاوٴنٹر ٹیرا رزم اتھارٹی (نیکٹا) کے افسران کا اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔اجلاس میں پالیسی گائیڈ لائن سے متعلق مسائل اور دوسرے انتظامی امور بشمول ان اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے بارے بحث کی کی گئی۔وفاقی وزیر داخلہ نے ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت جاری کی ہے کہ ایف آئی اے کی کاکردگی کو بہتر بنانے کے لئے ایک ہفتے میں پالیسی ویژن تیار کر کے وزارت داخلہ کو پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ یہ ادارہ اپنے نتائج کے حصول کے لئے تمام کاروائیاں بروقت مکمل کرے اور باالخصوص میگا کرپشن کیسز کی تحقیقات سمیت تحقیقاتی عمل میں نرمی اختیار کر کے کیسز کی تفتیش کو جلد مکمل کرے۔انہوں نے ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ایف آئی اے کو ملک کی فرنٹ لائن ایجنسی اور پاور ہاوٴس بنانے کیلئے بری شہرت کے حامل افسران کی لسٹ تیار کر کے ان افسران کو فوری طور پر ایف آئی اے نکال باہر کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی حکومت نے اپنی ابتداء کیساتھ ہی ایف آئی اے کو سیاسی اثر رسوخ سے پاک کیا ہے تاکہ اس ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ ادارہ عوام کے اطمینان اور تسلی کیلئے کیسے اقدامات اٹھائے گا۔انہوں نے قائم مقام ڈی جی ایف آئی اے کو افسران کی تنخواہوں کے پیکیج اور ادارے میں سٹاف کی کمی کا ایک پرپوزل تیار کر کے وزارت داخلہ جلد جلد پیش کرنے کی بھی ہدایت ہے۔

چودھری نثار نے ایئر پورٹ سے دو غیر ملکی خواتین کے داخلے کے واقعہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کا امیگریشن کاوٴنٹر ملک کے امیج کا عکاس ہوتا ہے اور وہ کسی کو بھی پاکستان کا امیج خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے امیگریشن کاوٴنٹر کی کارکردگی کو ٹیکنالوجیکل اور انٹیلی جنس بنیادوں پر مزید بہتر بنانے کی ہدایت جاری کی ہے جبکہ مسافروں کی سہولت کے لئے ایئرپورٹ پر قائم کیے گئے سہولیات سینٹر کی کارکردگی بھی بہتربنانے کی بھی ہدایات دی ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورًتحال کا جائزہ لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو ہدایات جاری کی ہیں کہ دارالحکومت میں سیکیورٹی انتظامات کو یہاں کے مکینوں کو تکلیف دیئے بغیر مزید سخت کیا جائے اور سیکیورٹی چیک پوانٹس پر تعینات سیکیورٹی عملے کی 08گھنٹے ڈیوٹیوں کو یقینی بنایا جائے جبکہ ٹریفک کی روانی کو خاص طور پر وی وی آئی پی مومنٹ کے دوران بہتر بنانے کے لئے بھی انہوں نے آئی جی اسلام آباد کو اس حوالے سے ایس او پی کو بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :