وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے عراقی فضائیہ کے کمانڈر جنرل انور حماد ایمن احمد اور کمانڈر عراقی ایئر ڈیفنس جنرل جبار عبید کی ملاقات ،عراقی وفد کی پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم اور پاکستان میں تیار کردہ طیارے میں گہری دلچسپی ، پاکستان کی دفاعی صنعت کے پاس درمیانے درجے کے جیٹ طیارے تک کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں اور ہم اس مقصد کیلئے اپنے برادر ممالک کو تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں، رانا تنویر حسین

ہفتہ 8 فروری 2014 08:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8فروری۔2014ء) فاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت کے پاس درمیانے درجے کے جیٹ طیارے تک کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں اور ہم اس مقصد کیلئے اپنے برادر ممالک کو تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ان خیا لا ت کا اظہار انہو ں نے عراقی فضائیہ کے کمانڈر جنرل انور حماد ایمن احمد اور کمانڈر عراقی ایئر ڈیفنس جنرل جبار عبید سے ملاقات کے دوران کیا ۔

ملاقات میں سیکرٹری دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) تنویر طاہر، چیئرمین پی اے سی کامرہ اے وی ایم سہیل گل خان اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔عراقی وفد نے پاکستان کے ایئر ڈیفنس سسٹم اور پاکستان میں تیار کردہ طیارے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

(جاری ہے)

عراقی کمانڈر نے کہا کہ پاکستان کا فضائی نگرانی کا نظام بہترین ہونے کے ساتھ ساتھ کم لاگت بھی ہے۔

عراق کو اپنے فضائی نگرانی کے نظام اور انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کیلئے عالمی برادری اور مسلم دنیا کے دوست ممالک کی مدد کی ضرورت ہے۔ عراق اپنے ایئر ڈیفنس کو مضبوط بنانا اور طیارے حاصل کرنا چاہتا ہے۔ اس مقصد کیلئے ہمیں تربیتی پراجیکٹس اور تربیتی طیاروں کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ عراقی فورسز کی تشکیل اور تنظیم نو کیلئے پاکستان کی مدد و حمایت درکار ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صنعت کے پاس درمیانے درجے کے جیٹ طیارے تک کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں اور ہم اس مقصد کیلئے اپنے برادر ممالک کو تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے عراقی پائلٹوں کیلئے تربیتی طیارے اور تربیت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔ اس حوالے سے مستقبل میں معاہدے کئے جائیں گے۔

عراقی ایئر ڈیفنس اور ایئرفورس کی تشکیل نو کا جائزہ لینے کیلئے جلد سرویز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان مشترکہ اقدار، ثقافت اور مذہب پر مبنی تعلقات قائم ہیں جنہیں مستقبل میں مزید فروغ دیا جائے گا۔ ملاقات میں سیکرٹری دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) تنویر طاہر، چیئرمین پی اے سی کامرہ اے وی ایم سہیل گل خان اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :