حکومت ملک میں اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیبات دے رہی ہے،اسحاق ڈار،حکومت نے مالیاتی نظم و نسق اور قومی معیشت میں انقلابی تبدیلی کے لئے متعدد جرات مندانہ اقدامات کیے ہیں،پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور تعاون کو تمام شعبوں میں وسعت دینے کا خواہاں ہے، ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے ثقافت، امور نوجوانان و سماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک النہیان سے ملاقات میں اظہارخیا ل

ہفتہ 8 فروری 2014 08:25

بوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8فروری۔2014ء ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیبات دے رہی ہے۔اس نے مالیاتی نظم و نسق اور قومی معیشت میں انقلابی تبدیلی کے لئے متعدد جرات مندانہ اقدامات کیے ہیں۔ان خیالات کا اظہا ر انہو ں نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے ثقافت، امور نوجوانان و سماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک النہیان سے ملاقات کے دوران کیا ۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر آصف درانی بھی موجود تھے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور اس کے ساتھ تعاون کو تمام شعبوں میں وسعت دینے کا خواہاں ہے، حکومت پاکستان نے معاسی ترقی کی رفتار بڑھانے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھرپور مواقع اور مراعات کی پیشکش کی ہے، توقع ہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک کی ٹیلی کام کمپنیاں پاکستان میں سپیکٹرم لائسنس کی نیلامی میں حصہ لیں گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی صحت سے متعلق دریافت کیا اور وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ان کیلئے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے قریبی اور دیرینہ تعلقات ہیں جو مشترکہ تاریخ، ثقافت، ورثہ پر قائم ہیں، پاکستان کی قیادت اور عوام متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں اور تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کی ترقی میں متحدہ عرب امارات کے تعاون کو سراہا اور یو اے ای کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خزانہ نے انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے ملکی معیشت کی بحالی اور استحکام کے حوالہ سے کئے گئے اقدامات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے پیش کی گئی مراعات و سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان متحدہ عرب امارات کی معیشت کی ترقی کیلئے ہنرمند افرادی قوت فراہم کر سکتا ہے۔

اس موقع پر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے کہاکہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے دیرینہ اور قریبی تعلقات ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی موجودہ حکومت ملک کو درپیش اقتصادی مسائل پر جلد قابو پا لے گی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں اپنے ملک کی جانب سے ملکی تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :