پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملکی خودمختاری اور اپنی سرحدوں کا احسن طریقے سے دفاع کیا،ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ ،ہماری تاریخ ایسی مثالوں سے بھری پڑی ہے پاک فضائیہ نے اپنے آپ کو بہترین فضائی قوت منوایا جس کے حوصلے، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت پر پوری قوم کوفخر ہے، سربراہ پاک فضائیہ کا پی اے ایف بیس کورنگی کریک میں ایرو آپرینٹسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب

ہفتہ 8 فروری 2014 08:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8فروری۔2014ء )پاکستان ایئر فورس کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے کہا ہے کہ ہماری تاریخ ایسی مثالوں سے بھری پڑی ہے پاک فضائیہ نے اپنے آپ کو بہترین فضائی قوت منوایا جس کے حوصلے، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت پر پوری قوم کوفخر ہے۔ پاک فضائیہ اس وقت ہمہ جہت طیاروں، جدیدریڈارز، بہترین ہتھیاروں اور آلات کو حاصل کرنے میں کوشاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی اے ایف بیس کورنگی کریک میں ایرو آپرینٹسز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کو ایک بہترین لڑاکا طاقت ہونے کی وجہ سے عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جس نے ہمیشہ ملکی خودمختاری اور اپنی سرحدوں کا احسن طریقے سے دفاع کیا۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ اس وقت ہمہ جہت طیاروں، جدیدریڈارز، بہترین ہتھیاروں اور آلات کو حاصل کرنے میں کوشاں ہے۔

انہوں نے ایرو آپرینٹسز سے کہا کہ ان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے آپ کو ان جدید صلاحیتوں سے لیس کریں، قوم نے ان پر پورا اعتماد کیا ہے اور امید کرتی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو بھرپور اعتماد، تندہی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ایرو آپرینٹسز مکمل عزم اور طاقت کے ساتھ میدان میں جائیں گے اور پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کو نئی جہتوں سے ہمکنار کریں گے۔

ایرو آپرینٹسز کے علاوہ پاکستان نیوی کے ٹیکنیشنز نے بھی کامیابی سے تکنیکی تربیت مکمل کی۔ ایرو ناٹکس ٹیکنالوجی میں اصغر خان ٹرافی ایرویپن ٹیکنیشن II- شاہد ظفر جبکہ ایویانکس ٹیکنالوجی میں نور خان ٹرافی ائیر کرافٹس مین زمان سرور نے حاصل کی۔ جنرل سروس ٹریننگ کی ٹرافی ائیر کرافٹس مین ونگ سارجنٹ محمد سعود نے جبکہ مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کی چیف آف ائیر سٹاف ٹرافی ائیر کرافٹس مین اکرام نے حاصل کی۔ قبل ازیں گروپ کیپٹن عاصم حفیظ، آفیسر کمانڈنگ ٹریننگ ونگ پی اے ایف بیس کورنگی کریک نے کورس رپورٹ پیش کی۔ ایرو آپرینٹسسز کو کورس کی تکمیل پر مہمانِ خصوصی نے مستقبل کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :