برطانیہ ،عمران فاروق قتل کیس میں اسکاٹ لینڈیارڈکی انٹرپول سے مددطلب،محسن علی سیداورکاشف کامران کے جلدریڈوارنٹ جاری ہونے کاامکان،برطانیہ کا پاکستان کو خط

ہفتہ 8 فروری 2014 08:23

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8فروری۔2014ء)عمران فاروق قتل کیس میں اسکاٹ لینڈیارڈنے انٹرپول نے مددمانگ لی ،محسن علی سیداورکاشف کامران کے جلدریڈوارنٹ جاری ہونے کاامکان ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق عمران فاروق قتل کیس میں ملزمان کی گرفتاری کیلئے اسکاٹ لینڈیارڈنے انٹرپول سے مددمانگ لی ہے اورامکان ہے کہ عمران فاروق کیس کے دوملزمان محسن علی سیداورکاشف کامران کے ریڈوارنٹ جاری کردیئے جائیں گے۔

ادھربرطانیہ کے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس نے پاکستان کی وزارت داخلہ کو خط بھیجا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کو مطلوب ، دو مشتبہ افراد کی تلاش اور شناخت میں مدد دی جائے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس کا یہ خط کراؤن پراسیکیوشن سروس نے تقریباً تین ماہ قبل برطانیہ کے دفتر خارجہ کے ذریعے بھیجا ہے۔

(جاری ہے)

اسکاٹ لینڈیارڈ کے پا س ثبوت ہیں کہ محسن علی سید اور محمد کاشف خان کامران نے 16 ستمبر 2010 کوڈاکٹر عمران فاروق کو edgwareمیں ان کے گھر کے سامنے قتل کردیاتھا۔یہ دونوں یہاں طالب علم کے طور پر مقیم تھے اور قتل کی شام لندن سے کولمبو کے راستے پاکستان روانہ ہوگئے تھے۔ان دونوں مشتبہ قاتلوں کے ویزے کراچی کے تاجرمعظم علی خان نے اسپانسر کئے تھے۔کامن اینڈ ویلتھ آفس کے ترجمان نے خط بھیجے جانے کی تردید نہیں کی ،ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ اس پر تبصرہ نہیں کرسکتے ۔