حلقہ بندیاں مکمل ہونے کے بعد بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا جائیگا‘ اشتیاق احمد خان ، جعلی ڈگری والے ارکان پارلیمنٹ کیخلاف انفرادی مقدمات کی سماعت کا سلسلہ جاری ہے، جہاں بھی کسی شخص کیخلاف جعلی ڈگری کے ثبوت ملتے ہیں تو اس کیخلاف مقدمہ سیشن کورٹ کو بھجوادیا جاتا ہے،سیکرٹری الیکشن کمیشن کی میڈیاسے گفتگو

جمعہ 7 فروری 2014 08:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7فروری۔2014ء) سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتوں کی جانب سے حلقہ بندیاں مکمل ہونے کے بعد بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔ جعلی ڈگری والے ارکان پارلیمنٹ کیخلاف انفرادی مقدمات کی سماعت کا سلسلہ جاری ہے اور جہاں بھی کسی شخص کیخلاف جعلی ڈگری کے ثبوت ملتے ہیں تو اس کیخلاف مقدمہ سیشن کورٹ کو بھجوادیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنے فرائض سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور اس حوالے سے تما م تر اقدامات کئے جائیں گے۔ اس وقت پنجاب اور سندھ میں کی گئی حلقہ بندیوں کیخلاف دو ہائیکورٹس نے فیصلہ دے رکھا ہے اسی لئے یہ حلقہ بندیاں دوبارہ کی جائیں گی اور جب تک حلقہ بندیاں مکمل نہیں ہوجاتیں بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے جاسکتے۔ ایک سوال کے جواب پر انہوں نے کہا کہ جعلی ڈگری والوں کیخلاف انفرادی طور پر کارروائی جاری ہے اور اب تک 60 سے 70 افراد کے حوالے سے مقدمات بھجوائے جاچکے ہیں۔