اسلام آباد،نیب نے پاکستان سٹیل ملز میں کرپشن سمیت چار ریفرنسز کی منظوری دیدی،ریفرنسز کی منظوری چےئرمین نیب کی سربراہی میں ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں دی گئی

جمعہ 7 فروری 2014 08:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7فروری۔2014ء)قومی احتساب بیورو(نیب)نے پاکستان سٹیل ملز سمیت چار ریفرنسز کی منظوری دیدی،ان میں تین ریفرنسز پاکستان سٹیل ملز میں کرپشن اور ایک پاکستان ریلوے سے متعلق ہے،یہ منظوری چےئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی سربراہی میں ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں دی گئی۔

(جاری ہے)

جاری پریس ریلیز کے مطابق دو ریفرنسز پاکستان سٹیل ملز کے سابق چےئرمین معین آفتاب شیخ سابق ڈائریکٹر کمرشل ثمین اصغر اور دوسروں کے خلاف ہیں،ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان سٹیل ملز کی مصنوعات کو کم قیمت پر فروخت کیا،ملزمان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر نجی کمپنیوں کو فائدہ پہنچایا اور قومی خزانے اور پاکستان سٹیل ملز کیلئے بالترتیب506.67 ملین اور311.378 ملین روپے خسارے کا سبب بنے،تیسرا ریفرنس بھی پاکستان سٹیل ملز سے متعلق ہے جس میں ثمین اصغر اور دوسروں پر الزام ہے کہ انہوں نے نجی کمپنیوں کے لئے فری کریڈٹ سکیم کو بڑھایا جس سے سٹیل ملز اور قومی خزانے کو13.66 ملین روپے کا خسارہ ہوا،ایک اور ریفرنس پاکستان ریلوے سے متعلق ہے جس میں ریلوے کے سابق جی ایم آپریشنز سعید اختر اور سابق ڈائریکٹر پلاننگ احسن محمود پر الزام ہے کہ انہوں نے کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال سے پاکستان ریلوے اور قومی خزانے کو3.78 ملین امریکی ڈالر کا نقصان پہنچایا،نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے خیبرپختونخوا پولیس کے لئے اسلحہ کی خریداری کے کیس کی تحقیقات کی بھی منظوری دی،جس میں سابق آئی جی پولیس خیبرپختونخوا سمیت پرچیز کمیٹی کے ممبران اور محکمہ پولیس کے اعلیٰ حکام اور دوسرے ملزمان پر آلات،اسلحہ اور گاڑیوں کی خریداری میں خوردبرد کا الزام ہے۔