نوازشریف اور مولانا فضل الرحمان کا اسلام آباد سے مظفرآباد کے درمیان ہیلی کاپٹر پر سفر میں طالبان سے مذاکرات اور دیگر اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال،وزیراعظم نے زور دیا کہ طالبان سے مذاکرات کی کامیابی کیلئے اپنا کردار ادا کریں،ذرائع، طالبان سے مذاکرات سمیت کسی اہم معاملہ پر صلاح مشورہ نہیں کیا جاتا،مولانا کا شکوہ،توقع ہے کہ اس سفر کے بعد مولانا کا رویہ تبدیل ہوگا، واقف حال ذرائع کا دعویٰ

جمعرات 6 فروری 2014 02:26

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6فروری۔2014ء)وزیراعظم محمد نوازشریف اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اسلام آباد سے مظفرآباد کے درمیان ہیلی کاپٹر کے سفر میں طالبان سے مذاکرات اور دیگر اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کرتے رہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان پر زور دیا کہ وہ طالبان سے مذاکرات کی کامیابی کیلئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں جبکہ مولانا فضل الرحمان نےٌ وزیراعظم سے اس شکوہ کودہرایا کہ ان سے طالبان سے مذاکرات سمیت کسی اہم معاملہ پر صلاح مشورہ نہیں کیا جاتا اس لئے وہ بھی اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہیں تاہم واقف حال ذرائع نے امیدظاہر کی ہے کہ آزادکشمیر کے سفر کے دوران ہونیوالی بات چیت کے نتیجے میں وزیراعظم نے انہیں اعتماد میں لیا اور اب توقع ہے کہ ان کے رویہ میں واضح تبدیلی نظر آئے گی اور وہ طالبان سے مذاکرات کی کامیابی میں اپنا کردار اد ا کریں گے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی شکوہ کیا کہ ان کے دو وزیر کابینہ میں لئے گئے ہیں لیکن 15روز گزرنے کے باوجود انہیں اب تک قلمدان نہیں دیئے گئے وزیراعظم نے یہ معاملہ بھی جلد حل کرنے کا یقین دلایا۔