پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی اعتماد اور شفافیت کی بنیاد تعلقات کی مزید مضبوطی کا خواہاں ہے،چودھری نثار، وفاقی وزیر داخلہ سے امریکی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ امور اور خطے میں سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال ،پاک امریکہ سٹرٹیجک ڈائیلاگ مذاکرات کے دوران ہونے والی پیش رفت تسلی بخش ہے ، رچرڈ اولسن

منگل 4 فروری 2014 07:53

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4فروری۔2013ء) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن کی ملاقات، دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں سیکورٹی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت داخلہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے ملاقات کے دوران امریکی سفیر کو بتایا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی اعتماد اور شفافیت کی بنیاد پر تعلقات کی مزید مضبوطی کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 2014ء میں افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلاء کے حوالے اہم کردار اداکرناہے اور امید ہے کہ خطے کی سیکورٹی اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے امریکہ پاکستان مفاد کا خیال رکھے گا۔اس موقع پر امریکی سفیر نے حال ہی میں واشنگٹن( امریکہ) میں ہونے و الے سٹرٹیجک ڈائیلاگ کے چوتھے دور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مذاکرت بہت وقفے کے بعد ہوئے تاہم ان مذاکرات کے دوران ہونے والی پیش رفت تسلی بخش ہے۔

(جاری ہے)

رچرڈ اولسن کا کہنا تھا کہ یہ امر اطمینان کا بخش ہے دونوں وفود کے درمیان بہت مثبت پیش رفت ہوئی اور دونوں طرف سے گرمجوشی نظر آئی، انہوں نے مزید کہا کہ امن کے لئے امریکہ نقطہ نظر کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور امید ہے کہ ان کوششوں کی بدولت جلد سے جلد خطے میں امن و سلامتی اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو اس خطے کی ترقی میں خصوصی دلچسبی ہے اور ہم پاکستان کے خیرخواہ ہے جس کا سینٹر جان کیری نے اپنے بیان میں اظہار کیا ہے۔