ملک میں امن اور استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے،ممنو ن حسین،ملک کی معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی ملک کے تمام حصوں میں امن اور سیکورٹی سے منسلک ہے،صدر مملکت کی وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی سے ملاقات

منگل 4 فروری 2014 07:52

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4فروری۔2013ء)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں امن اور استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ملک میں امن اور نارمل حالات کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی ملک کے تمام حصوں میں امن اور سیکورٹی سے منسلک ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور اور امن مذاکرات کمیٹی کے کوآرڈینیٹر عرفان صدیقی سے ایوان صدر میں ملاقات میں کیا،ملاقات میں امن مذاکرات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،صدر نے کہا کہ امن مذاکرات کمیٹی کے ممبر ہونے کے ناطے حکومت نے انہیں قومی اہمیت کی بہت بڑی ذمہ داری سونپی ہے،صدر نے اس امید کا اظہار کیا کہ طالبان سے مذاکرات بہت جلد شروع ہوں گے کیونکہ پوری قوم ملک میں پائیدار امن اور سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے کامیاب اور بامعنی مذاکرات کی طرف دیکھ رہی ہے،صدر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ امن مذاکرات کمیٹی کی سنجیدہ کوششیں ملک میں پائیدار امن اور سیکورٹی کے قیام میں معاون ثابت ہوں گے،معاون خصوصی عرفان صدیقی نے صدر کا ملاقات کیلئے شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ کمیٹی ملک میں پائیدار امن کے قیام کے مقصد کے لئے نتائج پر مبنی مذاکرات دلجمعی اور عزم سے کرے گی ،صدر نے اس موقع پر عرفان صدیقی سے ان کے بہنوئی آصف جمیل کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ پڑھی۔