کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ،اراکین اسمبلی سمیت قانون سب کیلئے یکساں ہے،حکومت،روات کے قریب نئے ائیرپورٹ کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں،اسلام آباد ائیرپورٹ سمیت دیگر منصوبوں کو2016ء تک مکمل کرلیں گے،پی آئی اے کی بحالی کیلئے16ارب روپے کا خصوصی پیکج دیا گیا، خضدار میں اجتماعی قبر کی تحقیقات ہورہی ہیں، ریلوے ٹریکس پر مرمت کے کام کے آرڈر جاری کردئیے ہیں،کام میں کوئی سستی برداشت نہیں کی جائیگی، سعد رفیق ،شیخ آفتاب اور دیگر کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دورا ن اظہار خیال

منگل 4 فروری 2014 07:50

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4فروری۔2013ء) وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے،اراکین اسمبلی سمیت قانون سب کیلئے یکساں ہے،روات کے قریب نئے ائیرپورٹ کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں،اسلام آباد ائیرپورٹ سمیت دیگر منصوبوں کو2016ء تک مکمل کرلیں گے،پی آئی اے کی بحالی کیلئے16ارب روپے کا خصوصی پیکج دیا گیا،محکمہ آثار قدیمہ کی کوششوں سے موہنجوداڑو سمیت6 مقامات کو عالمی ورثہ کی فہرست میں شامل کرلیاگیا ہے،خضدار میں اجتماعی قبر کی تحقیقات ہورہی ہیں ایسا ملک کے کسی بھی کونے میں ہوا تو اس پر وفاقی حکومت نوٹس لے گی،ریلوے ٹریکس پر مرمت کے کام کے آرڈر جاری کردئیے ہیں،کام میں کوئی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار پیرکو قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ،شیخ آفتاب اور دیگر کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت شیخ آفتاب نے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے سوال کے جواب میں بتایا کہ2009ء سے اب تک پی ٹی اے نے ایف آئی اے کی مدد سے 121چھاپوں کے دوران یونیورسل سروس فنڈ(یو ایس ایف) کو8.78 ملین امریکی ڈالرز کی بچت ہوئی،شیخ روحیل اصغر کے سوال پر شیخ آفتاب نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ پاکستانی ائرلائن(پی آئی اے) کی بحالی کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،انہوں نے بتایا کہ10طیاروں کو گراؤنڈ کیاگیا16 ارب روپے کا خصوصی پیکج دیاگیا ہے تاکہ پی آئی اے کو فعال کیا جاسکے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رکن عارف علوی کے سوال کے جواب میں شیخ آفتاب نے کہا کہ یہ بات درست نہیں ہے کہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر صفائی کا کام ناقص ہے،انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بھی پی آئی اے پی کی صفائی ستھرائی کے معاملات بالکل درست ہیں۔ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی ساجد احمد کے سوال کے جواب میں شیخ آفتاب نے بتایا کہ نیو بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر97بلین روپے،نیوگوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر7.675 بلین روپے اور ملتان ائیرپورٹ کی اپ گریڈیشن پر8.000بلین روپے لاگت آئے گی جبکہ سندھ کول اتھارٹی کے تعاون سے ضلع تھرپارکر کے علاقے اسلام کوٹ میں ایک نیا ائیرپورٹ تعمیر کیا جارہا ہے،جس پر0.972بلین روپے لاگت آئے گی اور حکومت کوشش کرے گی کہ تمام منصوبوں کو2016ء تک مکمل کرلیا جائے۔

فائزہ منصور کے سوال کے جواب میں وزیرمملکت شیخ آفتاب نے بتایا کہ فیصل آباد ائیرپورٹ کی اپ گریڈیشن پر کام جاری رہے اور اس پر816.7ملین روپے لاگت آئے گی،نفیسہ عنایت اللہ کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے ایوان کو بتایا کہ سی ڈی اے کی جانب سے تجارتی اور رہائشی علاقوں میں نیلامی کے لئے سی ڈی اے نے معیاد مقرر کیا ہوا ہے اگر کسی پلاٹ کی نیلامی کے لئے رقم کم آئے تو پھر اس کو دوبارہ آکشن کیا جاتا ہے،ڈاکٹر نفیسہ شاہ کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات ونشریات حسن شاہ نواز رانجھا نے ایوان کو بتایا کہ محکمہ آثار قدیمہ وعجائب گھر کی کوششوں کی وجہ سے یونیسکو ورلڈ ہیرٹیج سینئر،پیرس فطرنس نے ملک کے6مقامات موہنجوداڑو،مامکی ٹھٹھہ کے مقام پر تاریخی یادگاریں،بادشاہی قلعہ لاہور شالامار باغ لاہور،قلعہ روہتاس جہلم،آثارقدیمہ ٹیکسلا کو عالمی ورثہ کی فہرست میں شامل کرلیاگیا ہے اور اب18ویں ترمیم کے بعد یہ معاملہ صوبوں کو منتقل ہوچکا ہے،تحریک انصاف کے رکن عارف علوی کے سوال کے جواب میں شیخ آفتاب نے ایوان کو بتایا کہ ملک میں قانون سب کیلئے یکساں ہے اور کسی کو قانون کے معاملے میں چھوٹ نہیں ہے،نفیسہ شاہ کے سوال کے جواب میں راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ خضدار میں اجتماعی قبروں جیسا معاملہ پر فوری تحقیقات کرائی جارہی ہیں اور اگر ایسی کوئی اطلاع یا واقعہ ملک میں کہیں رونما ہو تو وفاقی حکومت فوری طور پر اس کا نوٹس لیتی ہے،اس معاملے پر مزید تفصیلات وزیرداخلہ سے لے کر منگل کو قومی اسمبلی کو بتا دیا جائے گا۔

سمن سلطان جعفری کے سوالات کے جواب نہ آنے پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شیخ آفتاب سے جواب طلب کرلیا جس پر شیخ آفتاب نے کہا کہ اس معاملے پر وزارت سے جواب لیا جائے گا اور موقع پر اراکین اسمبلی کے مختلف سوالوں کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ایوان کو بتایا کہ پنسجر اور فریٹ لائنوں میں توازن لائیں گے ،پنجاب حکومت نے 63 کروڑ ریلوے کراسنگ کو محفوظ بنانے کیلئے فنڈز دئیے ہیں،وفاقی وزیر نے خالدہ منصور کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے پٹڑیوں کی مرمت کیلئے جدید مشینری کا آرڈر دے دیا ہے،انہوں نے کہا کہ اگر کام میں تاخیر ہوئی تو ایکشن لیا جائے گا،لقمان شیخ کے سوال پر وفاقی وزیر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سکھر میں ہونے والا حادثہ ٹیکسی،ٹریکٹر ٹرالی اور کام والے کی تکرار کے باعث ہوا اور کراسنگ پوائنٹ پر تعینات گارڈ نے ٹرین کو سرخ جھنڈی نہیں دکھائی اس پر ریلوے ملازم کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔