پشاور ،قصہ خوانی بازار کے قریب پکچر ہاؤس سینما میں دوگرنیڈبم دھماکے ، 6 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی ،زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ، ہلاکتوں میں اضافہ کاخدشہ ،ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی ،صدر ، وزیر اعظم ، سیاسی ومذہبی رہنماؤں کی مذمت ، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی،سینما میں حملے کی دھمکی دی گئی ،انتظامیہ کو آگاہ کردیا تھا ، غفلت پر کارروائی کرینگے ، صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان

پیر 3 فروری 2014 07:56

پشاور/اسلام آباد (رحمت اللہ شباب ۔ اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3فروری۔2014ء)صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے قصہ خوانی بازار کے قریب پکچر ہاؤس سینما میں دوگرنیڈبم دھماکوں کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ،زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ کاخدشہ ہے ،ہسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی جبکہ صدر ممنون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف ، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدایت کی ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

اتوار کی شب صوبائی دارالحکومت پشاور میں قصہ خوانی بازار اور تھانہ رزاق خان کے قریب پکچر ہاؤس سینما میں شو کے دور ان دو یکے بعد دیگرے بم دھماکوں کے نتیجے میں6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ذرائع کے مطابق سینما میں 100سے زائد افراد فلم دیکھ رہے تھے سی سی پی اوپشاور کے مطابق سینما میں حملے دستی بم کے ذریعے کے گئے ایس پی سٹی کے مطابق حملہ آور پگڑی میں گرنیڈ چھپا کرلایا تھا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، بم ڈسپوزل سکواڈ اور ریسکیو کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو ایمبیولینسوں کے ذریعے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انھیں طنی امداد دی جا رہی ہے زخمیوں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے عینی شاہدین کے مطابق بم حملے کے بعد سینما میں بھگدڑ مچ گئے اور اس دور ان کئی افراد گر کر بھی زخمی ہوئے واقعہ کے بعد سکیورٹی اداروں نے سینما کو گھیرے میں لے لیا جس کے بعد کسی کو بھی سینما کے اندر کی اجازت نہیں دی گئی ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعا ت شاہ فرمان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سینما میں حملے کی دھمکی دی گئی ہے اور انتظامیہ کو بھی بتایا گیا تھا کہ وہ اپنی سکیورٹی کا خیال رکھیں انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے نجی کمپنی کے سکیورٹی گارڈ رکھے ہوئے تھے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہاکہ اطلاع دینے کے باوجود کہیں غفلت ہوئی تو کارروائی کرینگے وزیر اطلاعات نے کہاکہ صوبہ خیبر پختون خوا میں پولیس آزاد ہے یہاں کسی ایم پی اے کے کہنے پر ایس ایچ او کو تبدیل نہیں کیا جاتا انہوں نے کہاکہ سکیورٹی حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم حالات سب کے سامنے ہے ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہاکہ مذاکرات کیلئے آمادگی ظاہر کی گئی ہے تاہم جنگ نہیں ہوئی ہے انہوں نے کہاکہ تیسری وقت بھی موجود ہے جب بھی مذاکرات ہوتے تو اس وقت کئی ا یسے واقعات رونما ہوتے ہیں جس سے مذاکرات ختم کر دیئے جاتے ہیں۔

دوسری جانب صدر ممنون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا پرویز خٹک نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کر نے کی ہدیت کر دی صدرمملکت ممنون حسین نے ایک بیان میں انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور زخمیوں سے افسوس اورہمدردی کا اظہارکیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی جاں بحق ہونے والوں کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے ۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہارکیا۔وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے واقعہ بارے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد از جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

وزرائے اعلیٰ ، میاں شہباز شریف ، پرویز خٹک ،ڈاکٹر عبد المالک ، سید قائم علی شاہ ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ ، صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب ، وزیر اعظم آزاد کشمیرچوہدری عبد المجید ، گور نر پنجاب چوہدری سرور ، گور نر سندھ عشرت العباد ، گور نر بلوچستان محمدخان اچکزئی ، گور نر صوبہ خیبرپختون خوا شوکت اللہ انجینئر ، چیئر مین سینٹ سید نیئر حسین بخاری ، ڈپٹی چیئر مین صابر بلوچ ، سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق ، وفاقی وزراء چوہدری نثار علی خان ، سینیٹر پرویز رشید ، سینیٹر اسحاق ڈار ، خواجہ سعدرفیق ، شاہد خاقان عباسی ، خرم دستگیر ، اکرم خان درانی ، ایم کیو ایم کے قائد ا لطاف حسین ، پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زر داری ، سابق صدر آصف علی زر داری ، عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اسفند یار خان ولی اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنما سید ساجد نقوی ، مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد سمیت متعدد سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے بم دھماکوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا