غازی عبدالرشید قتل کیس ،پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ اور عدالت میں حاضری سے استثنی کی درخواست کی سماعت نہ ہوسکی

اتوار 2 فروری 2014 08:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2فروری۔2014ء) غازی عبدالرشید قتل کیس کے مرکزی ملزم و سابق صدر پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ اور عدالت میں حاضری سے استثنی کی درخواست وکیل صفائی الیاس صدیقی نے ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کی عدالت میں جمع کروا دی تھی تاہم ایڈیشنل سیشن جج واجد علی خان اور ڈیوٹی جج اعظم خان کی رخصت کے باعث مقدمہ کی سماعت بغیر کسی کاروائی کے 08فروری تک ملتوی ہوگئی۔

آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلاء میڈیکل رپورٹ پر بحث کا آغاز کریں گے۔ہفتہ کے روز ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد واجد علی خان کی عدالت نے سابق صدر کو عدالت میں طلب کر رکھا تھا تاہم فاضل جج کی رخصت کے باعث مقدمہ کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج اعظم خان کی عدالت میں ہونا تھا مگر وہ بھی رخصت پر تھے جس کے باعث وکیل صفائی الیاس صدیقی ایڈووکیٹ نے سابق صدر کی میڈیکل رپورٹ اور عدالت میں ایک دن کی حاضری سے استثنی کی درخواست میں عدالت میں جمع کر وا دی ہے۔

(جاری ہے)

مقدمہ کی سماعت بغیر کسی کاروائی کے 08فروری تک ملتوی ہو گئی تاہم سابق صدر کی میڈیکل رپورٹ اور استثنی کی درخواست فاضل عدالت سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔اس حوالے سے غازی عبدالرشید قتل کیس میں مدعی مقدمہ کے وکیل طارق اسد ایڈووکیٹ نے ”خبر رساں ادارے“کو بتایا کہ ہفتہ کے روز جج صاحبان کی رخصت کے باعث مقدمہ کی سماعت نہیں ہو سکی تاہم وکلائے صفائی کی جانب سے ملزم کی میڈیکل رپورٹ اور عدالت میں حاضری سے استثنی کی درخواست عدالت میں جمع کروائی گئی ہے۔وکیل استغاثہ کے مقدمہ کے اگلی سماعت میڈیکل رپورٹ پر بحث ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :