عمران خان سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کی ملاقات ، مذاکراتی عمل سے عوام اور میڈیا کو باخبر رکھا جائے، سربراہ تحریک انصاف

ہفتہ 1 فروری 2014 08:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1فروری۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان نے ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم نواز شریف کے نکتہ نظر سے آگاہ کیا جبکہ عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی کے سامنے پارٹی کا اصولی موقف سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ مذاکراتی عمل سے عوام اور میڈیا کو باخبر رکھا جائے۔ جمعہ کو ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے مذاکراتی کمیٹی نے ملاقات کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ان کی رہائشگاہ واقع بنی گالہ میں ملاقات کی جس میں مذاکراتی کمیٹی کے دو اراکین رحیم اللہ یوسفزئی اور رستم شاہ مہمند شامل تھے۔

مذاکراتی کمیٹی کے اراکین نے طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کے نکتہ نظر سے عمران خان کو آگاہ کیا اور عمران خان کو مکمل اعتماد میں لینے کیلئے ملاقات کی گئی اس کے علاوہ مذاکراتی کمیٹی نے عمران خان کو طالبان سے مذاکرات کے پیٹرن کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جبکہ عمران خان نے بھی مذاکراتی ٹیم کو اپنے تحفظات اور تجاویز سے آگاہ کرتے ہوئے اپنی پارٹی کا اصولی موقف سامنے رکھتے ہوئے کہا کہ مذاکراتی عمل کو موثر بنایا جائے اور مذاکراتی کمیٹی حکومت سے مکمل مینڈیٹ لے کر مذاکراتی کمیٹی جو بھی فیصلہ کرے گی وہ حکومت کو منظور ہوگا اور مذاکرات میں جو بھی پیشرفت ہوئی اس سے عوام اور میڈیا کو مکمکل طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مذاکراتی کمیٹی کو ہدایت بھی کی کہ دونوں فریقین کی جانب سے سیز فائر کو یقینی بنایا جائے۔