چکوٹھی امن برج پر پاک بھارت مذاکرات میں پہلا بریک تھرو ، 3فروری سے سرینگر مظفر آباد بس سروس بحال کرنے کا فیصلہ ، ٹرک سروس بدستور بند رہے گی ، بحالی کیلئے دونوں ممالک کے وزارت خارجہ حکام بات چیت کرینگے

جمعہ 31 جنوری 2014 08:24

چناری(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31جنوری۔2014ء) لائن آف کنٹرول کے چکوٹھی اوڑی امن برج آر پار حکام کے درمیان دو گھنٹے سے زائد رہنے والی ملاقات کے بعد پہلا بریک تھرو ، تین فروری بروز پیر سے سرینگر مظفر آباد بس سروس بحال کرنے کا فیصلہ ، ٹرک سروس بدستور بند رہے گی جس کی بحالی کیلئے دونوں ممالک کے فارن آفس بات چیت کرینگے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی سہ پہر شروع ہونے والی میٹنگ شام گئے ختم ہوئی جس میں آزاد کشمیر کی نمائندگی ڈی جی ٹریول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی آزاد کشمیر بریگیڈئر (ر) محمد اسماعیل ، کمشنر مظفر آباد غلام بشیر مغل ، ٹی ، ایف او بشارت اقبال کررہے تھے جبکہ مقبوضہ کشمیر کے وفد کی قیادت ڈی سی او بارہ مولا خواجہ غلام محمد ، ٹی ایف او شوکت حسین اور دیگر کررہے تھے آزاد کشمیر کے حکام نے بھارتی حکام کو موقف سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت فی الفور گرفتار ٹرک ڈرائیور محمد شفیق ساکنہ سڑار مظفر آباد کوپاکستان کے حوالے کرے اور منشیات کے ثبوت دے جسے بھارتی حکام نے ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے کو ہم حل نہیں کرسکتے کیونکہ بھارتی حکومت نے ہمیں یہ اختیار نہیں دے رکھا اس مسئلے کو بھارتی اور پاکستانی وزارت خارجہ ہی حل کرے گی آزادکشمیر حکام نے دونوں اطراف میں پھنسے ہوئے مسافروں کو ان کے گھروں میں پہنچانے کیلئے آئندہ ہفتے بروز پیر سے دوطرفہ بس سروس کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے بس سروس کی بحالی سے آر پار پھنسے ہوئے 124 مسافر تین فروری کے روز اپنے اپنے گھروں میں پہنچ جائینگے ایل او سی ٹریڈ یونین آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر اعجاز میر نے بس سروس کی بحالی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت پاک بھارت سے مطالبہ کیا ہے وہ جلد از جلد تجارتی تنازع کو بھی حل کریں تاکہ آر پار پھنسے ہوئے 76 ٹرک ڈرائیور اپنے گھروں کو پہنچ سکیں اور دوطرفہ تجارت بحال ہوپائے تاکہ آر پار تاجروں کے پھنسے ہوئے کروڑوں روپے واگزار ہوسکیں ۔