پاکستان نے ایٹمی اثاثوں سے متعلق امریکی اخبار میں شائع رپورٹ مسترد کردی،پاکستان بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے مقرر کردہ قواعد اور معیار پر عمل پیرا ہے،اس کے جوہری اثاثے محفوظ ہیں اور انکو درپیش تمام خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے،دفتر خارجہ

جمعرات 30 جنوری 2014 08:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30جنوری۔2014ء)پاکستان نے امریکی اخبار میں شائع رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے مقرر کردہ قواعد اور معیار پر عمل پیرا ہے،اس کے جوہری اثاثے محفوظ ہیں اور انکو درپیش تمام خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے،امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں شائع رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا کہ مبینہ گمنام امریکی حکام کی جانب سے خیال کی بنیاد پر مبنی خبر کا پاک امریکہ اسٹرٹیجک مذاکرات کے موقع پر سامنے آنا محض ایک سازش ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ایٹمی اثاثوں کو لاحق کوئی بھی خطرہ ناکام بنانے کا صرف عزم ہی نہیں بلکہ اسکی پوری صلاحیت بھی رکھتا ہے،ترجمان نے مزید کہا کہ کم سے کم اور ضروری ایٹمی دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے پر پوری قوم متحد اور متفق ہے،پاکستان بین الاقوامی ایٹمی توانائی ادارے کے طے شدہ اصول اور معیار کو اپنائے ہوئے ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان انتہائی محفوظ طریقے سے ایٹمی بجلی گھر چلانے کے چالیس سالہ شاندار ریکارڈ کا حامل ہے۔