پاکستان میں توانائی کے بڑے وسائل ہیں جن سے ملک میں تیز تر اقتصادی ترقی وخوشحالی لائی جاسکتی ہے؛ امریکی وزیر توانائی ڈاکٹر ارنسٹ مونیز ، امریکہ قابل تجدید توانائی کے شعبے کی مزید ترقی کیلئے پاکستان کوتیکنیکی معاونت فراہم کرے گا،وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے ملاقات

جمعرات 30 جنوری 2014 08:18

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30جنوری۔2014ء)امریکہ نے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی مدد کرنے کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی کے بڑے وسائل ہیں جن کی ترقی سے ملک میں تیز تر اقتصادی ترقی وخوشحالی لائی جاسکتی ہے، امریکہ قابل تجدید توانائی کے شعبے کی مزید ترقی کیلئے پاکستان کوتیکنیکی معاونت بھی فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار امریکی وزیر توانائی ڈاکٹر ارنسٹ مونیز نے واشنگٹن میں وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف کے ساتھ ایک ملاقات میں کیا۔انہوں نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے پاکستان کی توانائی پالیسی اور اس حوالے سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔انہوں نے کہا پاکستان میں توانائی کے بڑے وسائل ہیں جن کی ترقی سے ملک میں تیز تر اقتصادی ترقی وخوشحالی لائی جاسکتی ہے۔امریکی وزیر مونیز نے قابل تجدید توانائی کے شعبے کی مزید ترقی کیلئے پاکستان کو امریکی امداد جاری رکھنے کا بھی یقین دلایا۔وزیرپانی وبجلی نے ملک کی توانائی کی ضروریات سے نمٹنے کیلئے بڑے پن بجلی منصوبوں کی ترقی سے متعلق اہمیت کو اجاگر کیا۔