طالبان سے مذاکرات پر پارلیمانی جماعتوں کو باخبر رکھنے کے لئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ ،وزیرداخلہ کی اسمبلی اجلاس میں عمران خان، شیخ رشید ،فضل الرحمان اور دیگر سے ملاقاتیں

جمعرات 30 جنوری 2014 08:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30جنوری۔2014ء)حکومت نے طالبان سے مذاکرات کے بارے میں پارلیمانی جماعتوں کو باخبر رکھنے کے لئے ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔یہ بات وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران بتائی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے جن رہنماؤں سے باری باری ملاقات کی ان میں تحریک انصاف کے عمران خان، قومی وطن پارٹی کے آفتاب احمد خان شیر پاؤ،جماعت اسلامی کے طارق اللہ ،جے یو آئی (ف) کے مولانا فضل الرحمن اور عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید شامل تھے۔

وزیر داخلہ ان ارکان کے پاس جا کر انہیں طالبان سے مذاکرات کے بارے میں حکومتی فیصلے سے آگاہ کرتے رہے اور انہیں بتایا کہ جو بھی پیش رفت ہوگی اس سے پارلیمانی جماعتوں کو مسلسل باخبر رکھا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے ان جماعتوں سے کمیٹی کے ارکان کے بارے میں بھی صلاح مشورہ بھی کیا۔