سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور بھارتی ہائی کمشنر کی ملاقات ، پاک بھارت تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال، تازہ صورتحال کا جائزہ لیا

بدھ 29 جنوری 2014 08:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جنوری۔2014ء)سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور بھارتی ہائی کمشنر ٹی سی راگھوان کے درمیان منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں غیررسمی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک بھارت تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا ۔ یہ ملاقات مصری سفارتخانے کی طرف سے ہونے والے ایک استقبالیہ میں ہوئی جس میں مختلف سفارتکار اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی ۔

یہ ملاقات دس سے پندرہ منٹ جاری رہے جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک بھارت تعلقات کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان کی طرف سے نئی دہلی میں ہائی کمشنر سلمان بشیر کو مشاورت کیلئے اسلام آباد بلایا گیا ہے جبکہ دوسری جانب کنٹرول لائن پر فوجی کشیدگی کے ساتھ ساتھ تجارت بھی رکی ہوئی ہے کیونکہ بھارت نے آزاد کشمیر سے جانے والے متعدد ڈرائیورز کو مقبوضہ کشمیر میں روک لیا ہے انہیں واپس آنے کی اجازت نہیں دی جارہی اور الزام لگایا گیاہے کہ ان کے ٹرکوں سے منشیات برآمد ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان نے بھی اس کے جواب میں کئی بھارتی ڈرائیور روکے ہوئے ہیں اور تجارت کے ساتھ ساتھ مسافروں کی بس سروس بھی معطل ہوچکی ہے ۔ امکان ہے کہ دونوں رہنماؤں نے اس صورتحال کا جائزہ لیا اور معاملات کے جلد از جلد حل پر اتفاق کیا ۔

متعلقہ عنوان :