پاکستان ترکی کے ساتھ تجارت ، سرمایہ کاری، دفاع کے شعبوں میں تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے،صدر ممنون حسین، حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے پر عزم ہے اور حکومت صوبے کی خود کفالت وترقی پر یقین رکھتی ہے، ترک فضائیہ کے سربراہ ،گورنر بلوچستان سے ملاقاتیں،ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل کو نشان امتیاز ملٹری بھی دیا

بدھ 29 جنوری 2014 08:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جنوری۔2014ء)صدرممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ترکی کے ساتھ تجارت ، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے، حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے پر عزم ہے اور حکومت صوبے کی خود کفالت وپائیدارترقی پر یقین رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہون نے منگل کو اسلام آباد میں ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل اکِن ازترک اور گورنر بلوچستان کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں کیا۔

اس دوران صدرنے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام ترکی کے ساتھ دوستانہ اور کثیرالجہتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ ترکی اور پاکستان کے درمیان تجارتی ، سرمایہ کاری اور دفاعی تعلقات کے فروغ سمیت سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے کثیر مواقع موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے صدر نے ایوان صدر میں ایک پروقار تقریب میں جنرل اکِن ازترک کو نشان امتیاز ملٹری دیا۔

پاک فِضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔علاوہ ازیں صدر ممنون حسین سے گورنر بلوچستان محمود خان اچکزئی نے بھی ملاقات کی اور صوبے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔منگل کے روز صدر ممنون حسین اور گورنر بلوچستان محمود خان اچکزائی کے درمیان ا یوانِ صدر میں ہونے والی ملاقات میں گورنر بلوچستان نے صدر ِ مملکت کو صوبے کی امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔اس موقع پر صدر نے کہا کہ حکومت بلوچستان میں ترقی کیلئے پر عزم ہے اور حکومت صوبے کے خود کفیل ہونے اور اسکی اپنی پائیدار ترقی پر یقین رکھتی ہے۔صدر نے سانحہ مستونگ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ذمہ داران کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا۔