توانائی کے سرمایہ کاروں کیلئے لاہور میں سرمایہ کاری کانفرنس اور مختلف ممالک میں روڈ شوز منعقد کئے جائیں گے،شہبازشریف ،سرمایہ کاری کانفرنس اور روڈ شوز کو کامیاب بنانے کیلئے پیشہ وارانہ انداز سے تیاری کی جائے، پنجاب اور وفاقی حکومت کے متعلقہ ادارے روڈ شوز اور سرمایہ کاری کانفرنس کو کامیاب بنانے کیلئے اپنے شب وروز ایک کر دیں، حکومت عوام کو توانائی کے بحران سے نجات دلانے کیلئے پرعز م ہے، اجتماعی کاوشوں سے توانائی کے مسئلے پر قابو پا لیں گے، وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

منگل 28 جنوری 2014 09:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جنوری۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبے کا اعلان کیا ہے اور اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی سہولتیں دی جائیں گی- توانائی کے سرمایہ کاروں کے لئے لاہور میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کی جائے گی جبکہ چین،خلیجی ریاستوں اور دیگر ممالک میں روڈ شوز کا انعقاد کیا جائے گا ،وہ یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن،چودھری شیر علی خان، اراکین صوبائی اسمبلی ملک احمد خان، عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، وفاقی سیکرٹری فارن افئیرز،وفاقی سیکرٹری تجارت،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ پاکستان اور متعلقہ حکام نے اجلا س میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو توانائی کے بحران سے نجات دلانے کے لئے پرعزم ہے - اجتماعی کاوشوں کو بروئے کار لا کر توانائی بحران پر قابو پانے میں ضرور کامیاب ہوں گے- انہوں نے کہا کہ شبانہ روزکی محنت اور قومی جذبے کے ساتھ توانائی کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے عمل کیا جائے گا اور انشاء الله توانائی بحران کے خاتمے کے لئے ہماری کاوشیں ضرور رنگ لائیں گی- وزیراعلیٰ نے روڈ شوز اور سرمایہ کاری کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لئے کمیٹی اور سب کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری کانفرنس اور روڈشوز کو کامیاب بنانے کیلئے انتہائی پیشہ وارانہ انداز سے تیاری کی جائے -پنجاب اور وفاقی حکومت کے متعلقہ ا دارے روڈ شوز اور سرمایہ کاری کا نفرنس کو کامیاب بنانے کیلئے اپنے شب وروز ایک کر دیں ،وفاقی سیکرٹری فارن افیئرز نے کہاکہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کے لئے روڈ شوز اور سرمایہ کاری کانفرنس کے لئے پنجاب حکومت کے اقدامات کا بھر پور ساتھ دیں گے-اجلاس کے دوران شرکاء نے روڈ شوز اور سرمایہ کاری کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :