دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی،شاہد خاقان عباسی،طالبان کیخلاف آپریشن یا مذاکرات کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے،وفاقی وزیر کی پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو

منگل 28 جنوری 2014 08:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جنوری۔2014ء)وفاقی وزیر برائے پٹرولیم وقدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی،طالبان کے خلاف آپریشن یا مذاکرات کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم کرینگے،ملک میں امن کے قیام کیلئے آپریشن حکومت کی ذمہ داری ہے،آپریشن کے خلاف بھی مذاکرات کا دروازہ کھلا رکھیں گے،وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام اراکین نے طالبان کے خلاف آپریشن یا مذاکرات کرنے کا مینڈیٹ وزیراعظم میاں نواز شریف کو دیا ہے اور اس حوالے سے حتمی فیصلہ اب وزیراعظم کرینگے،انہوں نے کہا کہ حکومت نے دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے،آپریشن یا مذاکرات پہلے کی طرح اب بھی آپشن ہی ہیں تاہم اگر سنجیدہ مذاکرات کی راہ ہموار ہوئی تو مذاکرات اب بھی حکومتی ترجیح ہونگے،انہوں نے کہا کہ ملک میں امن وامان کے قیام کو ضروری بنائے کیلئے آپریشن حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے اور اب بھی جہاں جہاں ضروری ہوتا ہے حکومت آپریشن کرتی ہے،تاہم اگر طالبان کے خلاف آپریشن کیا گیا تو اس میں مذاکرات کا دروازہ کھلا رکھیں گے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالبان کے خلاف آپریشن یا مذاکرات کے حوالے سے پارلیمنٹ یا پارلیمانی قائدین کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ وزیراعظم کرینگے۔