سال 2012-13ء سے اب تک ملک میں یو ایس ایڈ ، یونیسف اور جائیکا کی جانب سے 211.68 ملین امریکی ڈالر کی امداد موصول ہوئی ہے ، رانا محمد افضل، گرے ٹریفکنگ میں 40فیصد اضافہ ہوگیا ہے، مریم اورنگزیب، ہم ایڈ نہیں ٹریڈ مانگتے ہیں ہم نے امریکی امداد کو شکیل آفریدی کی رہائی سے مشروط کرنے کو مسترد کردیا ہے،پارلیمانی سیکرٹری داخلہ کا وقفہ سوالات میں اظہار خیال،حکومت زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کررہی ہے دسمبر میں زرمبادلہ 368ملین ڈالر سرپلس ہوا ۔ تجارتی خسارہ 1.6 ارب ڈالر سے کم ہوکر 1.3 ارب ڈالر ہوگیا،پارلیمانی سیکریٹری خزانہ

منگل 28 جنوری 2014 08:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جنوری۔2014ء) قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ سال 2012-13ء سے اب تک ملک میں یو ایس ایڈ ، یونیسف اور جائیکا کی جانب سے 211.68 ملین امریکی ڈالر کی امداد موصول ہوئی ہے ، پارلیمانی سیکرٹری داخلہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گرے ٹریفکنگ میں 40فیصد اضافہ ہوگیا ہے ، رانا محمد افضل نے کہا کہ نجی اور سرکاری شعبے کے اداروں کے بورڈز میں تعینات کئے گئے سرکاری ملازمین کے لیے تنخواہ کے علاوہ چھ لاکھ روپے کی ادائیگیاں کی جاتی ہیں ۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا محمد افضل نے نفیسہ خٹک کے سوال کے جواب میں کہا کہ سال 2012-13ء کے دوران اب تک ملک میں یو ایس ایڈ ، یونیسف اور جائیکا کی جانب سے 211.68 ملین امریکی ڈالرز کی امداد موصول ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

منزہ حسن کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ مریم اورنگزیب نے کہا کہ گرے ٹریفکنگ میں چالیس فیصد اضافہ ہوگیا ہے ڈاکٹر عارف علوی کے سوال کے جواب میں رانا محمد افضل نے کہا کہ نجی اور سرکاری شعبے کے اداروں کے بورڈز میں تعینات کئے گئے سرکاری ملازمین کے لیے تنخواہ کے علاوہ چھ ، چھ لاکھ روپے کی ادائیگی کی جاتی ہے منزہ حسن کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری مریم اورنگزیب نے کہا کہ نادرا اس وقت صرف عالمی معاہدوں کے تحت منصوبوں میں بھرتیاں کررہی ہے اس کے علاوہ کسی منصوبے میں کوئی بھرتی نہیں کی جارہی ہے ۔

نفیسہ شاہ کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے یکم جولائی 2013ء سے 30ستمبر 2013ء کے عرصے کے دوران اسلامی ترقیاتی بینک اور سعودی عرب سے 232.85 ملین ڈالر کا غیر ملکی قرضہ لیا ہے ۔ اسلامی ترقیاتی بینک یہ شرح سود 2.77 فیصد ہے اور سعودی عرب سے نیلم جہلم ہائیڈل پاور پراجیکٹ کے لیے سو ملین ڈالر پر شرح سود صرف دو فیصد ہے یکم جولائی سے قبل اسی عرصہ کے دوران 346 ملین ڈالر قرضہ سابق حکومت نے لیا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایڈ نہیں ٹریڈ مانگتے ہیں ہم نے امریکی امداد کو شکیل آفریدی کی رہائی سے مشروط کرنے کو مسترد کردیا ہے ۔ وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ مشروط امداد نہیں چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک مارکیٹ سے ڈالرز نہیں خریدتا یہ تاثر درست ہے وزیر خزانہ نے اعلان کیا تھا کہ ڈالر کی قیمت 1999ء کی طرح واپس لائینگے ان کے اقدامات سے ڈالر 105 روپے کی سطح پر آگیا ہے جس سے 149 ارب کے نقصان سے بچ گئے ۔

اگر وزیر خزانہ بروقت اقدامات نہ کرتے تو ڈالر 125روپے تک چلا جاتا ۔ شیخ صلاح ا لدین کے سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کررہی ہے دسمبر میں زرمبادلہ 368ملین ڈالر سرپلس ہوا ۔ تجارتی خسارہ 1.6 ارب ڈالر سے کم ہوکر 1.3 ارب ڈالر ہوگیا ۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کے پاس شہریوں کے مالیاتی حسابات کی تفصیلات نہیں یہ معلومات ایف بی آر کے پاس ہیں ۔

ٹیکس دہندگان کی تلاش جاری ہے رواں سال ایک لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو نیٹ میں شامل کیا جارہا ہے دسمبر میں 70 ہزار نئے ٹیکس ای لائنز فائل ہوئے ہیں ۔ ڈاکٹر شیریں مزاری کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ تیس لاکھ ٹیکس نادہندگان سے آگاہ ہیں اگر معزز ممبر کے پاس فہرست ہے تو ہمیں فراہم کردیں ۔ نفیسہ خٹک کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس بارے تفصیلات کے لیے نیا سوال درکار ہوگا ۔

ضمنی سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یوتھ لٹریسی کی شرح 2004ء میں 64فیصد تھی جو بڑھ کر 72فیصد ہوگئی ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا تو ہماری برآمدات کی مالیت میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے ۔ نفیسہ خٹک کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ مائیکرو فنانس قرضوں کی واپسی سے زیادہ ہے پاکستان تخفیف غربت فنڈ میں کل 25ارب روپے ہیں جن میں سے جھوٹے قرضوں کے لیے 18 ارب اور زراعت کے لیے 7.6 ارب روپے ہیں 31 دسمبر 2013ء تک 9لاکھ افراد کو قرضے فراہم کئے گئے جن میں 55فیصد خواتین شامل ہیں ڈاکٹر نفیسہ شاہ کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ 30نومبر2013ء کے مطابق راول حساب کا خسارہ 1875ملین ڈالر تھا جو دسمبر 2012ء کے ان تین مہینوں میں 684ملین ڈالر تھا ۔

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ حکومت کو اقتدار سنبھالتے ہی 503 ارب کے گردشی قرضے اور تین ارب ڈالر کی آئی ایم ایف کی قسط ادا کرنی پڑی جس کی وجہ سے قرضہ لینے پڑے ۔ ساجد احمد کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں بینک 250ارب روپے نجی شعبہ کو قرضے دے چکی ہے ۔ شیخ رشید کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری 30فیصد سے زیادہ کم ہوچکی ہے چین ایٹمی نیوکلیئر پاور پلانٹ کے لیے 6.5بلین کی سرمایہ کاری کررہا ہے غیر ملکی سرمایہ کاری میں آئندہ سالوں میں اضافہ ہوگا وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ سال غیر ملکی سرمایہ کاری ایک ارب سے کم کی کم ترین سطح پر آگئی تھی راواں سال اس میں اضافہ ہورہا ہے کوسٹل پاور منصوبہ آٹھ سالوں سے کاغذوں میں چل رہا ہے موجودہ حکومت کے دور میں چین سے معاہدہ فائنل ہوا ۔