کچھ لوگ بندوق کے زورپراپنی بنائی ہوئی شریعت ملک میں نافذ اور اپناعقیدہ تھوپناچاہتے ہیں، الطاف حسین، نبی کریم نے تلوار کے ذورپر تبلیغ نہیں کی بلکہ حسن اخلاق سے لوگوں کے دل جیتے، اللہ تعالیٰ سے دعا ہے دہشت گردوں کی اصلاح فرمائے یاپھران پر اپنا عذاب عظیم نازل کرکے انہیں ختم کردے، جشن عیدمیلادالنبی کے سلسلے میں منعقدہ ” محفل ذکرمصطفےٰ “ سے خطاب

پیر 27 جنوری 2014 08:28

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27جنوری۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ کچھ لوگ بندوق کے زورپراپنی بنائی ہوئی شریعت ملک میں نافذ کرنا اور اپناعقیدہ تھوپناچاہتے ہیں جبکہ نبی کریم نے تلوار کے ذورپر تبلیغ نہیں کی بلکہ حسن اخلاق سے لوگوں کے دل جیتے۔انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعاکی کہ جولوگ مساجد،امام بارگاہوں اور دیگرعبادت گاہوں میں بموں کے دھماکے کرکے معصوم وبے گناہ لوگوں کاخون بہارہے ہیں ، فوجیوں، پولیس والوں اورمعصوم لوگوں کے گلے کاٹ رہے ہیں اللہ تعالیٰ یاتوان کی اصلاح فرمائے یاپھران پر اپنا عذاب عظیم نازل کرکے انہیں ختم کردے۔

انہوں نے یہ بات ہفتہ اوراتوارکی درمیانی شب ایم کیوایم کے زیراہتمام جناح گراوٴنڈعزیزآبادمیں جشن عیدمیلادالنبی کے سلسلے میں منعقدہ ” محفل ذکرمصطفےٰ “ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اجتماع سے مختلف مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے علمائے کرام نے بھی خطاب کیااورسرکاردوعالم کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالی جبکہ ملک کے ممتازومعروف ثناخوانوں نے گلہائے عقیدت پیش کئے ۔

اس موقع پر محفل سماع بھی ہوئی جس میں ملک کے ممتازقوالوں نے حمدونعت اورمنقبت پیش کیں ۔ الطا ف حسین نے کہا کہ آج کی یہ محفل نبی آخرالزماں حضرت محمدمصطفےٰ ﷺ کے جشن ولادت کے سلسلے میں منعقد کی گئی ہے لہٰذامیں آج سب کویہی پیغام دوں گاکہ وہ اللہ اور اس کے پیارے نبی کے فرمان پر غورکریں،نبی کریم کی سیرت طیبہ اورتعلیمات پر عمل کریں، آپس میں نفرتوں اورکدورتوں کوختم کریں،ایک دوسرے سے پیار محبت سے پیش آئیں،کسی کے ساتھ زیادتی نہ کریں۔

الطاف حسین نے کہاکہ جس محبت سے محفل ذکرمصطفےٰ منعقد کی گئی اورحاظرین نے جس خشوع وخضوع کے ساتھ سیرت طیبہ پر بیان اورحمدونعتیں سماعت کیں اللہ تعالیٰ اس کے صدقے پاکستان پر اپنارحم وکرم فرمائے، پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت فرمائے، پاکستان جس نازک ترین حالات اورمشکلات سے گزررہاہے ملک کواس سے باہر نکالے ۔ انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ دہشت گردوں کے ہاتھوں حالیہ بم دھماکوں اور خودکش حملوں میں شہیدہونے والے فوجیوں،پولیس اہلکاروں اورمعصوم شہریوں کوشہادت کادرجہ عطاکرے۔

اللہ تعالیٰ پاکستان کے نوجوانوں، بزرگوں، ماوٴں ، بہنوں اوربچوں کو اتنی ہمت وطاقت ،حوصلہ اوراستطاعت عطا فرمائے کہ وہ مساجد، امام بارگاہوں، مزاروں ، دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں پر حملے کرکے معصوم انسانوں کو آگ اورخون میں نہلانے والے دہشت گردوں سے مقابلہ کرسکیں۔ انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ ایم کیوایم کے خلاف سازشیں کرنے والی قوتوں کی یاتو اصلاح کردے یاپھرانہیں نیست ونابود کردے ۔

انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ محفل ذکرمصطفےٰ کے حاظرین کی تمام جائزدلی مرادیں اور حاجتیں پوری فرما ،سب کی مشکلات دورفرما،شہیدوں کو اپنی جواررحمت میں جگہ دے، بیماروں کوصحت کاملہ عطا کرے ۔ الطاف حسین نے محفل ذکرمصطفےٰ کے انعقاد پر رابطہ کمیٹی، علماء کمیٹی، تنظیمی کمیٹی اورتمام شعبہ جات کے ارکان کوخراج تحسین پیش کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس کااجر عطا کرے۔

انہوں نے محفل ذکرمصطفےٰ کے خوبصورت اسٹیج کی تیاری میں حصہ لینے والے کارکنوں اورایم کیوایم ویب ٹی وی کے ذریعے اجتماع کی لائیوکوریج پر ویب ٹیم کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اجتماع میں شرکت پر تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام ،نعت خوانوں، قوالوں اور اینکرزکابھی خصوصی شکریہ ادا کیااوران کیلئے بھی دعاکی ۔ الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ نوجوانوں کو منشیات، چوری چکاری، نقل اوردیگر برائیوں اورگندے کاموں سے دوررکھے اورانہیں صراط مستقیم پر چلائے اورسب اچھا انسان بننے کی کوشش کریں۔

الطاف حسین نے علمائے کرام کے خطابات اورنعتوں کے بعد محفل سماع میں تمام قوالوں کاکلام بھی سنا، انہیں دادوتحسین سے نوازااورمحفل سماع کے اختتام اورسلام کے بعد دعابھی کرائی۔