فوج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنے کے لئے تیار ہے،ممنون حسین،حکومت نے مذاکرات کی بہت کوشش کی لیکن ان کوششوں کو کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ اپنی طرف سے حجت پوری کر دی ہے اب عام لوگوں کی جان بچانے کے لئے کارروائی کرنا ہوگی، ایوان صدر سے سیاست کو رخصت کر دیا ملک میں جمہوری دور ہے اور اس دور میں صدر کا عہدہ کا رسمی ہوتا ہے، صدر مملکت کی سینئر صحافی سے گفتگو

پیر 27 جنوری 2014 08:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27جنوری۔2014ء)صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ فوج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرنے کے لئے مکمل طور پرتیار ہے جونہی اشارہ ملے گا فوج آپریشن شروع کر دے گی ۔ایک سینئر صحافی سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کی بہت کوشش کی لیکن ان کوششوں کو کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ہم نے اپنی طرف سے حجت پوری کر دی ہے اور اب عام لوگوں کی جان بچانے کے لئے کارروائی کرنا ہوگی ۔

صدر نے کہا کہ یہ آپریشن ملک کی ساکھ اور ہماری زندگیوں کے لئے ضروری ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوج اس آپریشن کے لئے مکمل طور پر تیار ہے اور وہ حکم کا انتظار کررہی ہے جونہی حکم ملا آپریشن شروع کردے گی ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج ملک میں جمہوری دور ہے اور اس دور میں صدر کا عہدہ کا رسمی ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

ہم نے ایوان صدر سے سیاست کو رخصت کر دیا ہے اور میں آئینی فرائض کے ساتھ ساتھ اپنا وقت تعلیم ،صحت اور ثقافت کے فروغ پر صرف کررہا ہوں ۔

تعلیمی اداروں کی بہتری کے لئے کام کروں گا ۔عوام کو صحت کی بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کریں گے۔ فنکاروں اور مصنفین سے ملاقاتیں کرتا رہوں گا۔صدر نے بتایا کہ وہ لوگوں کو زحمت سے بچانے کے لئے ایوان صدر سے زیادہ باہر نہیں نکلتے ۔اگر کراچی جائیں گے تو ائیر پورٹ گھر تک ہیلی کاپٹر استعمال کرتے ہیں تا کہ ٹریفک بند ہونے سے لوگوں کومشکلات نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مرے والد نے آگرہ میں بڑی محبت سے ایک گھر بنایا تھا جونہی یہ گھر مکمل ہوا تو ہمیں پاکستان ہجرت کرنا پڑ گئی اس لئے میرے والد نے اس کے بعد اپنا گھر نہیں بنایا ۔ہم نے خاندان بڑا ہونے پر ڈیفنس میں گھر بنایا اور اس میں بھی ایک حصہ قرضہ لیکر تعمیر کیا ۔اس کے بعد یہ پورشن 47 لاکھ میں فروخت کر دیا تھا جب میرے بیٹے کو سٹی بینک میں نوکری ملی اور اسے قرضے کی سہولت دی گئی تو ہم نے یہ پورشن سوا کروڑ میں دوبارہ خرید لیا۔انہوں نے کہا کہ وہ ایک قناعت پسند انسان ہیں اور وہ سادگی کے ساتھ رہنا جانتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :