تحریک طالبان کی ایک بار پھر حکومت کو سنجیدہ اور بامقصد مذاکرات کی پیشکش، حکومت محض امریکی ڈالر بٹورنے کی خاطر جھوٹے پروپیگنڈوں کی آڑ میں اس ملک کو ایک اور خوفناک جنگ میں دھکیلنے پر مصر ہے،ترجمان شاہد اللہ شاہد،ہم نے مولانا سمیع الحق سمیت امن کے خواہاں وفود کو مثبت جواب دیا مگر حکومت صرف بیان بازی کرتی ہے تاکہ عوام کو مغالطے میں ڈال کر حقیقت سے گمراہ کیا جائے،بیان

پیر 27 جنوری 2014 08:24

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27جنوری۔2014ء)کالعدم تحریک طالبان نے ایک بار پھر حکومت کو سنجیدہ اور بامقصد مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت محض امریکی ڈالر بٹورنے کی خاطر جھوٹے پروپیگنڈوں کی آڑ میں اس ملک کو ایک اور خوفناک جنگ میں دھکیلنے پر مصر ہے،ہم نے مولانا سمیع الحق سمیت امن کے خواہاں وفود کو مثبت جواب دیا مگر حکومت صرف بیان بازی کرتی ہے تاکہ عوام کو مغالطے میں ڈال کر حقیقت سے گمراہ کیا جائے۔

اتوار کو میڈیا کو جاری کئے گئے ایک بیان میں طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا کہ حکومت مذاکرات سے متعلق پروپیگنڈے اور دھمکی کی سیاست کر رہی ہے۔حکومتی میڈیا نے مذاکرات کے حوالے سے تحریک طالبان کے رویے سے متعلق بے بنیاد پروپیگنڈے کیے، الزام تراشیوں اورخود ساختہ انکار کے بعد ایک بار پھر قبائیلی عوام پر جنگ مسلط کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے، یہ ایک جنگی چال اور امریکہ کو خوش کرنے کا آسان طریقہ ہے،حالانکہ تحریک طالبان نے اپنے ذمہ دارفورم سے پوری قوم پر بارہا یہ واضح کرنے کی کوشش کی ہے کہ تحریک طالبان پاکستان بامعنی،پائیدار اور سنجیدہ مذاکرات کے لئے ہمیشہ تیار ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ اگر حکومت مذاکرات میں مخلص ہے تو اپنی پوزیشن واضح کرے، تحریک طالبان پاکستان کے پاس مولانا سمیع الحق کے قاصد سمیت جتنے بھی امن کے خواہاں وفود آئے ہم نے ان کو مثبت اور حوصلہ افزا جواب دیا ہے،جبکہ حکومت کی طرف سے صرف میڈیا پر بیان بازی ہوتی رہی ہے،تاکہ عوام کو مغالطے میں ڈال کر حقیقت سے گمراہ کیا جاتا رہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے غیور اور باشعور مسلمانوں پر ایک بار پھر واضح کرتے ہیں کہ حکومت محض امریکی ڈالر بٹورنے کی خاطر جھوٹے پروپیگنڈوں کی آڑ میں اس ملک کو ایک اور خوفناک جنگ میں دھکیلنے پر مصر ہے، ہم ایک بار پھرسنجیدہ اور بامقصد مذاکرات کی پیشکش کرتے ہیں تاہم اس کے لئے سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کا کام ہے۔