پرویز مشرف نے انجیو گرافی کے لئے امریکا کے 2 اسپتالوں سے رابطہ کرلیا، سابق صدر کی میڈیکل رپورٹ امریکا کے دونوں اسپتالوں کو ای میل کردی گئی ہے، رپورٹ

اتوار 26 جنوری 2014 08:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جنوری۔2013ء) سابق صدر پرویزمشرف کی جانب سے انجیو گرافی کے لئے امریکا کے 2 اسپتالوں سے رابطہ کرلیا گیا ہے۔ایک نجی ٹی وی نے سابق صدر کے قریبی ذرائع حوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ پرویزمشرف نے امریکی شہر پیرس ٹیکساس میں اپنے پاکستانی دوست جو ماہرِ امراض قلب بھی ہیں سے رابطہ کیا ہے اس کے علاوہ پاکستانی ڈاکٹر نے پرویزمشرف کی انجیو گرافی کے لئے نیویارک کے میو اورکیلی وینٹ اسپتال میں بات کی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدرکی میڈیکل رپورٹ ان اسپتالوں کوای میل کردی گئی ہے۔گزشتہ روز غداری مقدمے کی سماعت کے دوران اے ایف آئی سی کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کی صحت سے متعلق رپورٹ خصوصی عدالت میں پیش کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پرویز مشرف کی زندگی بچانے کیلئے انجیو گرافی کرانا لازمی ہے تاہم وہ پاکستان سے انجیو گرافی کرانے کے لئے رضامند نہیں۔واضح رہے کہ 2 جنوری کو غداری مقدمیمیں پیشی کے لئے خصوصی عدالت جاتے ہوئے سابق صدر کی طبعیت اچانک بگڑ گئی تھی جس کے بعد انہیں راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹیٹوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کردیا گیا تھا جہاں وہ اب تک زیر علاج ہیں۔

متعلقہ عنوان :