اوگراکرپشن کیس ، سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے دو سابق منیجنگ ڈائریکٹرز اور عقیل کریم ڈھیڈی سمیت 9 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال دیئے گئے، بیرون ملک جانے پر پابندی،ہوائی اڈوں سمیت تمام متعلقہ حکام کو فہرست فراہم

اتوار 26 جنوری 2014 08:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جنوری۔2013ء) وزارت داخلہ نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اور سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) کے دو سابق منیجنگ ڈائریکٹرز اور عقیل کریم ڈھیڈی سمیت 9 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیئے ہیں اوران کے بیرون ملک جانے پر پابندی لگا دی ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق ان لوگوں کے نام آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)کرپشن کیس میں شامل ہونے کے باعث ای سی ایل میں ڈالے گئے ہیں تاکہ یہ ملک سے فرار نہ ہوسکیں۔

ان افراد کے خلاف قومی احتساب بیورو نے گذشتہ روزاربوں روپے کی کرپشن پر ریفرنس دائر کئے ہیں اور ان کا بیرون ملک فرار روکنے کیلئے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان افراد میں عقیل کریم ڈھیڈی ‘ دیوان ضیاء الرحمن ‘ اوگرا کے افسر جواد جمیل‘ سوئی نادرن کے سابق صدر ایم ڈی رشید لون‘ سوئی سدرن کے ایم ڈی زہیر صدیق سابق ایم ڈی عظیم اقبال صدیقی ‘ سوئی سدرن کے جی ایم فنانس سید ارسلان ‘ سوئی نادرن اور سوئی سدرن کے ڈائریکٹر مرزا محمود اور سوئی سدرن کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر یوسف انصاری شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ان افراد کے نام فوری طور پر تمام ہوائی اڈوں سمیت ملک کے خارجی راستوں پر متعین حکام کو دیدیئے گئے ہیں تاکہ یہ ملک سے کسی بھی راستے سے فرار نہ ہو سکیں۔