وزیر اعظم کو دہشت گردی کے خلاف جلد فیصلہ کرنا ہوگا،پیپلزپارٹی ہر فیصلے کی حمایت کرے گی‘ سید خورشید شاہ،کسی جماعت کو پوائنٹ سکورنگ نہیں کرنی چاہئے سب حکومت کا ساتھ دیں ،ریاست دن بدن کمزور ہوتی جارہی ہے۔ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کریں،صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 25 جنوری 2014 07:44

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25جنوری۔2014ء)قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ریاست دن بدن کمزور ہورہی ہے اب وزیراعظم میاں نواز شریف کو دہشت گردی کے حل کیلئے فیصلہ کرنا چاہئے‘ اگر حکومت نے فوجی آپریشن کا فیصلہ کیا تو پیپلزپارٹی آپریشن سمیت حکومت کے ہر فیصلے کی حمایت کرے گی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلزپارٹی کے سینئر راہنماء سید خورشید شاہ نے راولپنڈی دھماکے میں زخمی جوانوں کی سی ایم ایچ میں عیادت کی اور بعدازاں انہوں نے سی ایم ایچ ہسپتال کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی تو اس موقع پر زخمیوں نے جو تاثرات اور جذبات بیان کئے اس سے ایک سیاستدان ہونے کے ناطے میرا سر شرم سے جھک گیا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ زخمی جوانوں نے کہا کہ اب ہمیں حکمرانوں کی ضرورت نہیں بلکہ بہادر اور نڈر لیڈر کی ضرورت ہے جو ہمیں اس دلدل سے نکال سکے۔

(جاری ہے)

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اب وزیراعظم کو ایک بہادر لیڈر کا ثبوت دیتے ہوئے فیصلہ کرنا ہے اور وزیراعظم کا جو بھی فیصلہ ہوگا پیپلزپارٹی کو فوجی آپریشن سمیت تمام فیصلے منظور ہوں گے اور اس پر پیپلزپارٹی حکومت کی مکمل حمایت کرے گی کیونکہ اب عوام کے تاثرات سن کر شرم آتی ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ ریاست دن بدن کمزور ہوتی جارہی ہے اور عوام کے جان و مال کو خطرات لاحق ہیں۔ حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ریاست اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کریں۔ پرویز رشید نے کہا کہ فوج ملک کی حفاظت کیلئے لڑ رہی ہے اور اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کررہی ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کے دور حکومت میں سوات اور مالاکنڈ میں ایسے حالات پیدا ہوئے تھے تو اس وقت پیپلزپارٹی نے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کیا تھا۔ اگر آج جیسے حالات اس وقت پیدا ہوتے تو پھر ہم دو باتوں پر نہیں سوچتے لیکن اب کسی جماعت کو پوائنٹ سکورنگ نہیں کرنی چاہئے اور تمام جماعتوں کو حکومت کا ساتھ دینا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :